سیرت کا تقاضا ہے کہ منبر سے رہبرِ شہید کی عظمت بیان ہو، علامہ مختار احمد امامی
کراچی مجلس
شیعیت نیوز : مجلسِ وحدت مسلمین ضلع شرقی شعبۂ تربیت، دعا کمیٹی پاکستان اور اہلیانِ سولجر بازار کراچی کی جانب سے شہادت امام حسن عسکریؑ اور اہل حرمؑ کی مدینہ واپسی کے سلسلے میں تین روزہ سالانہ مرکزی الوداعی مجالسِ عزاء کا سلسلہ خراسان روڈ سولجر بازار پر جاری ہے۔ دوسرے روز "کربلائے عصر اور ہماری ذمہ داریاں” کے عنوان پر مولانا مختار احمد امامی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید اہل ایمان کا تذکرہ کرتا ہے اور اہلبیتؑ دین کے خدمت گزاروں کے قدر دان ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: قالیباف کا امریکہ کو جواب: دباؤ اور دھمکیوں سے ایران سے رعایتیں نہیں ملیں گی
انہوں نے کہا کہ منبر سے رہبرِ شہید آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی عظمت بیان ہونی چاہیے اور ہر اس شخص کا ذکر ہو جو راہِ حسینیؑ کا سچا پیروکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی اہم خوبی اخلاص ہے اور اسی سے خدا کی بارگاہ میں عمل قبول ہوتا ہے۔ مولانا نے حدیث نبویؐ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر لوگ امام علیؑ کی ولایت قبول کر لیتے تو خدا جہنم کو خلق نہ کرتا، اور دنیا میں گمراہی کی وجہ ولایت سے روگردانی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ولایت امام علیؑ کو نہ ماننے کے نتیجے میں امت پر 50 سالوں میں یزید مسلط ہو گیا، اور امام حسینؑ نے خوف کے ماحول میں بولنے کا درس دیا۔ یزیدیت کے خلاف بولنے والوں کو عزت اور خاموش رہنے والوں کو ذلت ملتی ہے، جیسا کہ واقعہ حرہ میں دیکھا گیا۔







