مکتبِ امام رضاؑ حق پر استقامت اور باطل کے خلاف مزاحمت کی عملی درسگاہ ہے، آیت اللہ علم الہدیٰ
آیت اللہ علم الہدیٰ
شیعیت نیوز : امام جمعہ مشہد اور خراسانِ رضوی میں ولی فقیہ کے نمائندے آیت اللہ سید احمد علم الہدیٰ نے امام رضاؑ کی شہادت کی مناسبت سے روضۂ امام رضاؑ کے رواقِ امام خمینیؒ میں منعقدہ مجلسِ عزاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مکتبِ امام رضاؑ حق پر استقامت اور باطل کے خلاف مزاحمت کی عملی درسگاہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: یمنی افواج کا مغربی ساحل پر سعودی ٹھکانوں پر میزائل و ڈرون حملہ
انہوں نے امام رضاؑ کی شہادت کے تاریخی اور اعتقادی پہلوؤں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ مأمون کی سازش کا مقصد امامت کو خلافت میں ضم کرکے ولایت کے الٰہی منصب کو ختم کرنا تھا۔ انہوں نے حدیثِ سلسلۃ الذہب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ توحید کی تکمیل ولایت کے بغیر ممکن نہیں اور امام رضاؑ نے اسی حدیث کے ذریعے توحید اور ولایت کے گہرے باہمی تعلق کو واضح فرمایا۔
انہوں نے امام رضاؑ کی جبری ہجرت، نیشاپور میں پرتپاک استقبال اور زنانِ نوغان کی والہانہ محبت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امام رضاؑ اپنی شہادت سے آگاہ تھے اور انہوں نے مدینہ سے روانگی کے وقت ہی اپنے اہلِ خانہ کو سوگ کا حکم دیا تھا۔







