ایران اپنے مطالبات سے دستبردار نہیں ہوگا، ترجمان ایرانی وزارت خارجہ
شیعیت نیوز : ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایران دباؤ اور دھمکیوں کے سامنے اپنے مطالبات اور ایرانی عوام کے حقوق سے ہرگز دستبردار نہیں ہوگا، اور ایران کی سات شرائط کوئی غیر معمولی مطالبات نہیں بلکہ ایرانی عوام کے ناقابل تنسیخ حقوق ہیں، جنہیں پیشگی شرائط نہیں سمجھا جانا چاہیے۔
تہران میں ہفتہ وار پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایرانی وزیر خارجہ کے اس بیان کا مقصد، کہ آبنائے ہرمز کو دو گھنٹوں میں دوبارہ کھولا جا سکتا ہے، یہ واضح کرنا تھا کہ ایران اپنے حقوق کے معاملے میں سنجیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر امریکہ ایران کی طے کردہ شرائط پوری کر دے تو آبنائے ہرمز کو عارضی طور پر کھولنا ممکن ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران پر کیمیائی و حیاتیاتی ہتھیاروں کے الزامات جنگ کا جواز گھڑنے کا پرانا امریکی حربہ ہیں، ترجمان ایرانی وزارت خارجہ
ترجمان نے امریکی بحری ناکہ بندی کو فوجی جارحیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران اسے برداشت نہیں کرے گا اور اقوام متحدہ کے منشور کے تحت اس کا مقابلہ کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی دھمکیاں ایرانی عوام کو اپنے وطن اور وقار سے پیچھے نہیں ہٹا سکتیں بلکہ ان کے عزم اور اتحاد کو مزید مضبوط کریں گی۔
جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے این پی ٹی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اس میں ایران کی رکنیت پر نظرثانی کی بحث قابل احترام ہے، تاہم ایران نے اب تک اس معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریوں سے انحراف کا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی سامراج اور اس کے اتحادیوں نے عملاً اس معاہدے کی افادیت ختم کر دی ہے اور جوہری ہتھیار رکھنے والے رکن ممالک کو جواب دہ ہونا چاہیے۔







