کشمیر میں قرآن و اہل بیتؑ کے پیغام پر مجلسِ عزاء، جلوس علم برآمد
شیعیت نیوز : انجمنِ شرعی شیعیانِ جموں و کشمیر کے زیرِ اہتمام 25 صفر المظفر کو درگنڈ بمنہ میں مجلسِ عزاء اور جلوس علم برآمد ہوا، جس میں عزاداروں کی کثیر تعداد نے والہانہ انداز میں شرکت کی۔ مجلس سے خطاب کرتے ہوئے صدر تنظیم حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی نے کہا کہ قرآن مجید اور اہل بیتؑ امت مسلمہ کے لیے ہدایت کے دو ناقابلِ تفریق سرچشمے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: حزب اللہ کا اسرائیلی نقشے پر سخت ردعمل، لبنانی حکومت کو مراعات دینے سے روکنے کا مطالبہ
انہوں نے کہا کہ اہل بیتؑ سے محبت کو عملی حسن کردار، حق پسندی اور عدل و انصاف کے ذریعے ظاہر کیا جانا چاہیے۔ واقعۂ کربلا کے پیغام کو اجاگر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ امام حسینؑ کی قربانی ظلم اور باطل کے خلاف فیصلہ کن قیام تھی، اور عزاداری کا مقصد مؤمنین میں اصلاحِ نفس، حق گوئی اور استقامت کا شعور بیدار کرنا ہے۔ انہوں نے مؤمنین پر زور دیا کہ وہ قرآن و اہل بیتؑ سے اپنے تعلق کو مضبوط بنائیں اور پیغامِ کربلا کو عملی زندگی میں نافذ کریں۔







