خلیج فارس سے مغربی جنگی جہاز غائب ہو چکے ہیں، میجر جنرل احمد وحیدی
میجر جنرل احمد وحیدی
شیعیت نیوز : سپاہِ پاسدارانِ انقلابِ اسلامی کے کمانڈر انچیف میجر جنرل احمد وحیدی نے ’’کانگریسِ پیشگامانِ رہائی‘‘ کے بسیجی طلبہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حق و باطل اور عالمی استکبار کے خلاف یہ آخری معرکہ ہے، جس میں دشمن شکست خوردہ ہو کر مایوسی اور انتشار کا شکار ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن اس غرور کے ساتھ میدان میں اترا تھا کہ 72 گھنٹوں اور پھر دو ہفتوں کے اندر اسلامی جمہوریہ کا خاتمہ کر دے گا، اور اس نے دوسری جنگوں میں کئی سالوں کا استعمال ہونے والا گولہ بارود ایران کے خلاف محض 40 دنوں میں جھونک دیا، لیکن نظام تبدیل کرنے کے خواہشمند خود ہی ضرب کھا بیٹھے۔
جنرل وحیدی نے انکشاف کیا کہ امریکہ اور صیہونی حکومت اپنی تمام تر طاقت کے باوجود تنہا ایران کا مقابلہ کرنے میں ناکام رہے اور یورپی و علاقائی ممالک سے مدد مانگنے پر مجبور ہو گئے۔ انہوں نے نیٹو کے سیکریٹری جنرل کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ دشمن کے محاذ نے 5 ہزار فضائی پروازیں کیں اور ایران کو کسی بھی بیرونی مدد سے روکنے کی بھرپور کوشش کی، لیکن ایرانی قوم نے صرف اللہ پر توکل کرتے ہوئے تنہا اس عالمی محاذ کو شکست دی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کامیابی نے انقلابِ اسلامی کو ایک نئے دور میں داخل کر دیا ہے اور معاشرے میں معنویت اور بیداری کو غیر معمولی فروغ ملا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے نوجوانوں کو فنی تعلیم دی جائے، علامہ ڈاکٹر شبیر میثمی
ایرانی مسلح افواج کی عسکری برتری کا ذکر کرتے ہوئے کمانڈر انچیف سپاہِ پاسداران نے بتایا کہ فضائی و خلائی فورس کی فنی اختراعات اور طاقت جنگ کے آغاز کے مقابلے میں کہیں زیادہ بڑھ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپاہِ پاسداران کی بحری فورس کا تسلط صرف خلیج فارس اور آبنائے ہرمز تک محدود نہیں بلکہ 500 سے 600 کلومیٹر دور کھلے سمندری علاقوں تک قائم ہے، یہی وجہ ہے کہ دشمن کے جنگی بحری جہاز اس حد سے آگے آنے کی جرأت نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب خلیج فارس میں مغربی ممالک کے 70 سے 120 تک جنگی بحری جہاز موجود ہوتے تھے، لیکن آج کئی ماہ سے ان کا کوئی نام و نشان نہیں ہے۔ مزید برآں، ایرانی مجاہدین اور غیور عوام کے خوف سے دشمن ایران کے جزائر، ساحلی علاقوں اور شمال مغربی و جنوب مشرقی سرحدوں پر قبضے کے منصوبوں سے پیچھے ہٹنے پر مجبور ہوا۔
خطاب کے اختتام پر میجر جنرل احمد وحیدی نے انقلابِ اسلامی کے شہید رہبر، میناب کے شہداء اور دیگر تمام شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے دوٹوک اعلان کیا کہ قصاص اور انتقام ایرانی قوم کا جائز حق ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ دنیا اب ان قاتلوں اور مجرموں کے لیے محفوظ جگہ نہیں رہی جنہوں نے ایران میں جرائم کا ارتکاب کیا ہے، اور ایرانی قوم شہداء کے پاکیزہ خون کا انتقام لینے اور جارحین کو سزا دینے تک ان کا تعاقب جاری رکھے گی۔







