رانی پور سٹی میں اصغریہ آرگنائزیشن کی تین روزہ تربیتی ورکشاپ اختتام پذیر، خواتین کی تنظیمی صلاحیتوں کو فروغ دینے پر زور

30 جولائی, 2026 17:27

شیعیت نیوز : رانی پور سٹی میں اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان (خواتین) کے زیرِ اہتمام تین روزہ جنرل کونسل تعلیمی و تربیتی ورکشاپ کامیابی کے ساتھ منعقد ہوئی، جس میں سندھ کے مختلف اضلاع سے جنرل کونسل کی اراکین نے بھرپور شرکت کی۔ ورکشاپ کا مقصد تنظیمی صلاحیتوں میں اضافہ، دینی و فکری تربیت، آئینی شعور اور اسلامی معاشرے میں خواتین کے کردار کو اجاگر کرنا تھا۔

ورکشاپ کا باقاعدہ آغاز مرکزی صدر خواہر دعائے سیدہ صاحبہ کے افتتاحی کلمات سے ہوا، جنہوں نے تنظیمی استحکام، دینی شعور، فکری تربیت اور خواتین کی فعال کردار سازی کی اہمیت پر زور دیا۔ اس دوران متعدد علمی، تربیتی اور عملی سرگرمیاں منعقد کی گئیں، جن میں مولانا صفدر ملاح نے "حضرت بی بی زینبؑ کا دین کے دفاع میں کردار” پر جامع درس دیا، جبکہ علی اصغر عرفانی نے اصغریہ آرگنائزیشن کے آئین، تنظیمی ڈھانچے اور نظم و ضبط پر مفصل روشنی ڈالی۔

یہ بھی پڑھیں: اردن میں امریکی فوجی اڈے پر میزائل حملے

ورکشاپ میں نثار علی منتظری نے "اصغریہ کا کردار” کے موضوع پر تنظیم کی فکری، دینی اور سماجی خدمات پر روشنی ڈالی، جبکہ اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے سابق مرکزی صدر حسن جواد اصغری نے پروگرام کی منصوبہ بندی، مؤثر انتظام، ذمہ داریوں کی تقسیم اور وقت کی پابندی کے عملی اصولوں پر شرکاء کی رہنمائی کی۔ آخری روز حجۃ الاسلام علامہ ارشاد علی نقوی اور سیدہ شمائلا رباب رضوی نے بھی خواتین کے اسلامی معاشرے میں کردار پر خطاب کیا۔

ورکشاپ میں ماڈل تنظیمی پروگرام کا انعقاد، احکامِ شرعیہ کی عملی مشق، نمازِ باجماعت اور تحریری امتحان بھی شامل تھے تاکہ شرکاء کی علمی و تربیتی استعداد کا جائزہ لیا جا سکے۔ شرکاء نے ورکشاپ کو انتہائی مفید، منظم اور مؤثر قرار دیتے ہوئے عزم کا اظہار کیا کہ وہ حاصل شدہ رہنمائی کو عملی میدان میں بروئے کار لائیں گی۔

6:41 شام جولائی 30, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔