حق و باطل کی جنگ میں غیر جانبدار رہنا سنگین جرم ہے، علامہ مقصود علی ڈومکی
شیعیت نیوز : امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (آئی ایس او) ضلع جیکب آباد کے زیر اہتمام رہبر امت کنونشن ریجنل صدر برادر اظہار الحسن کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس سے مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی صدر علامہ مقصود علی ڈومکی، مولانا افضل حسین حسینی اور وحدت یوتھ ونگ کے مرکزی جنرل سیکرٹری برادر اللہ بخش سجادی نے خطاب کیا۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کو بابصیرت ہونا چاہیے اور عصر حاضر کے حالات و واقعات پر گہری نظر رکھنی چاہیے، حق و باطل کی پہچان کے بعد ضروری ہے کہ انسان حق اور اہل حق کے ساتھ کھڑا ہو، کیونکہ حق و باطل کی جنگ میں غیر جانبدار رہنا ایک سنگین جرم ہے اور حق کے دفاع میں خاموشی درحقیقت حق کو تنہا چھوڑنے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج جب رہبر مسلمین مظلومانہ شہادت پا چکے ہیں اور اسلام و امت مسلمہ کو مختلف محاذوں پر چیلنجز کا سامنا ہے، بعض عناصر مجاہدین اسلام کی پشت میں خنجر گھونپنے کی کوشش کر رہے ہیں، اس لیے دشمن کی سازشوں کے ساتھ منافقین کو بھی پہچاننا ہوگا۔ قرآن مجید اور اہل بیتؑ کی نگاہ میں قاعدین کی طرح خاذلین بھی قابل مذمت ہیں، جو حق کے دعوے تو کرتے ہیں مگر آزمائش کے وقت اہل حق کا ساتھ چھوڑ دیتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : شہداء نے اپنے خون سے دین اسلام کو سربلند کیا، علامہ مقصود علی ڈومکی
علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ آئی ایس او اور مجلس وحدت مسلمین کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ صراط مستقیم ولایت پر ثابت قدم ہیں اور عالمی سازشوں کے باوجود حق کی حمایت میں ان کا مؤقف واضح رہا ہے، نوجوان اپنی فکری و نظریاتی تربیت مضبوط کریں اور بصیرت و استقامت کے ساتھ اپنے دینی و ملی فرائض ادا کریں۔
کنونشن کے دوران برادر ضمیر حسینی کو آئی ایس او ضلع جیکب آباد کا صدر منتخب کیا گیا، جن کے نام کا اعلان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کیا جبکہ ریجنل صدر برادر اظہار الحسن نے ان سے حلف لیا۔ اس موقع پر شہدائے راہ حق کی یاد میں تصویری نمائش بھی منعقد کی گئی، جہاں شرکاء نے شہداء کی تصاویر پر پھول نچھاور کر کے ان کے مشن کو زندہ رکھنے کا عزم کیا۔







