رہبر معظم کی ہدایات پر پوری حکومتی قوت سے عمل کریں گے، ایرانی صدر
ڈاکٹر مسعود پزشکیان
شیعیت نیوز : ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اعلان کیا ہے کہ ان کی حکومت رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی امام سید مجتبیٰ خامنہ ای (حفظہ اللہ) کی ان ہدایات پر پوری قوت سے عمل کرے گی جن کا مقصد موجودہ صورتحال کے خاتمے کے لیے ایران کی شرائط پوری کرنا ہے۔
کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں انہوں نے سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری محسن رضائی کو دی گئی رہبر معظم کی حالیہ ہدایت کا حوالہ دیا، جس میں نہ جنگ نہ امن کی صورتحال سے نکلنے کے لیے ایرانی حکام کی طے کردہ شرائط کی تکمیل پر زور دیا گیا تھا، اور کہا کہ یہ ہدایت ایک بڑا اور اہم پیغام ہے جو ملک کے مستقبل کا خاکہ پیش کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل ملکی امور کا چوراہۂ تدبیر ہے، رہبر معظم
ایرانی صدر نے کہا کہ پوری حکومت مقررہ اہداف کے حصول کے لیے اپنی مکمل صلاحیت بروئے کار لائے گی، تمام وزراء، اداروں کے سربراہان اور ان کے نائبین بدلتے حالات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار رہیں اور موجودہ حالات کے مطابق انتظام اور اخراجات میں کمی کو ترجیح دیں۔
انہوں نے زور دیا کہ ایران ہر قسم کی دھمکیوں، پابندیوں اور بیرونی دباؤ کا طاقت اور اتحاد کے ساتھ مقابلہ کرے گا، دشمن یہ گمان نہ کرے کہ دباؤ اور دھمکیاں بڑھا کر وہ ایرانی قوم کے ارادے کو کمزور کر سکتا ہے یا ملک کو جھکنے پر مجبور کر سکتا ہے۔






