عدن ایئرپورٹ پر یمنی میزائل حملے، پروازوں کا رخ جبوتی کی طرف موڑ دیا گیا
شیعیت نیوز : یمنی مسلح افواج نے سعودی رجیم کے حمایت یافتہ گروہوں کے لیے اسلحہ اور فوجی سازوسامان لانے والے طیارے کی آمد کے بعد عدن ایئرپورٹ پر متعدد میزائل داغے ہیں۔
یمنی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحییٰ سریع نے حملے سے قبل عدن ایئرپورٹ فوری خالی کرنے کا مطالبہ کیا تھا اور آل سعود کو ایئرپورٹ کو اپنے اتحادی گروہوں تک اسلحہ پہنچانے کے لیے فوجی اڈے میں بدلنے کا ذمہ دار قرار دیا تھا، جبکہ عدن میں سعودی حمایت یافتہ حکومت کی وزارت نقل و حمل نے تصدیق کی ہے کہ ایئرپورٹ کو ایک سے زیادہ مرتبہ نشانہ بنایا گیا جس کے بعد پروازوں کا رخ جبوتی ایئرپورٹ کی طرف موڑ دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : عدن ایئرپورٹ فوری خالی کر دیا جائے، سعودی طیارہ اسلحہ لا رہا ہے، یحییٰ سریع
صنعاء کے ایک فوجی ذریعے کے مطابق گزشتہ چند گھنٹوں میں سعودی رجیم کے متعدد فوجی کارگو طیارے پہنچے ہیں اور ریاض جنوبی صوبوں میں اپنی موجودگی مضبوط کرنے کے لیے فضائی راستے سے مزید اسلحہ منتقل کر رہا ہے، اس ذریعے نے کہا کہ مقبوضہ علاقوں کے کسی بھی ایئرپورٹ پر اترنے والا فوجی کارگو طیارہ جائز ہدف ہوگا۔
دوسری جانب تعز شہر کے محاذوں پر یمنی مسلح افواج نے جنوب کی جانب سے نمایاں پیش قدمی کی ہے اور میدانی ذرائع کے مطابق شدید جھڑپوں کے بعد صبر الموادم کے محاذ پر کحلان، الشقب اور النجادہ سمیت کئی اہم علاقوں کا کنٹرول حاصل کر لیا گیا ہے، جبکہ تعز کے اطراف میں سعودی جارحیت کے مسلسل فضائی حملے اس پیش قدمی کو نہیں روک سکے۔






