علامہ سید جواد نقوی کا مولانا سید سلمان حسینی ندویؒ کی رحلت پر اظہارِ تعزیت

01 جولائی, 2026 09:30

شیعیت نیوز : تحریکِ بیداری امت مصطفیٰ پاکستان اور جامعہ عروۃ الوثقی لاہور کے مہتمم علامہ سید جواد نقوی نے برصغیر کے ممتاز سنی عالم دین مولانا سید سلمان حسینی ندویؒ کی رحلت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین اور علمی حلقوں سے تعزیت پیش کی ہے۔

تعزیتی پیغام کا مکمل متن:

إِنَّا لِلّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ.

برصغیر کے معروف و مشہور عالمِ دین، ممتاز اسلامی مفکر، جلیل القدر محدث، صاحبِ علم و قلم، بلند پایہ خطیب، ندوۃ العلماء، محب و مدافعِ عظمتِ اہلِ بیتؑ، مودّتِ آلِ رسولؐ کے مبلغ، مقامِ اہلِ بیتؑ کے ترجمان، وحدتِ امت کے داعی اور عالمِ اسلام کی مؤثر علمی و دینی شخصیت حضرت مولانا سید سلمان حسینی ندویؒ کے انتقالِ پُرملال پر نہایت رنج و غم کا اظہار کرتے ہیں۔

حضرت مولانا سید سلمان حسینی ندویؒ کی شخصیت علم، بصیرت، شجاعتِ بیان، عشقِ رسول (ص)، مودّتِ اہلِ بیتؑ، عظمتِ آلِ محمدؐ کے دفاع اور دردِ امت کا حسین امتزاج تھی۔ آپؒ نے ہمیشہ اہلِ بیتِ اطہارؑ کی محبت، عظمت اور مقام کو امتِ مسلمہ کے ایمانی و روحانی سرمایے کے طور پر بیان کیا۔

آپؒ کی رحلت برصغیر ہی نہیں بلکہ پوری امتِ مسلمہ کے لیے ایک بڑا علمی، فکری اور دینی نقصان ہے۔ ایسی شخصیات امت کے لیے سرمایۂ افتخار ہوتی ہیں جن کی خدمات مدتوں یاد رکھی جاتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : نادر علی کا گھٹیا منصوبہ فیل، کالعدم سپاہ صحابہ کے دہشتگرد کو دعوت دے کر تنازع کھڑا کرکے ٹی آر پی بڑھانے کی کوشش ناکام

ہم حضرت مولانا سید سلمان حسینی ندویؒ کے اہلِ خانہ، تلامذہ، متعلقین، عقیدت مندوں، اہلِ علم اور پوری امتِ مسلمہ کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں۔

اللہ تعالیٰ حضرت مولانا مرحومؒ کی مغفرت فرمائے، درجات بلند فرمائے، خدمات کو قبول فرمائے، انہیں جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے، رسول اللہ (ص) اور اہلِ بیتِ اطہارؑ کے ساتھ محشور فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔

علامہ سید جواد نقوی مہتمم جامعہ عروۃ الوثقی لاہور تحریک بیداری امت مصطفیٰ پاکستان

11:19 صبح جولائی 1, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔