میڈیا پروپیگنڈے اور سافٹ وار کے خلاف دینی بصیرت ضروری ہے، مولانا ذکی الباقری
مولانا سید محمد ذکی الباقری
شیعیت نیوز : ہندوستان کی ریاست کرناٹک کے شہر علی پور کی مسجد جعفریہ میں نمازِ جمعہ کے خطبوں سے خطاب کرتے ہوئے حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید محمد ذکی الباقری نے سیرت زہرا سلام اللہ علیہا، خطبۂ فدکیہ، اور موجودہ عالمی حالات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ آج کی دنیا میں جنگ صرف ہتھیاروں کی نہیں بلکہ سوشل میڈیا اور میڈیا کے ذریعے سافٹ وار کی بھی ہے، لہٰذا مسلمانوں کو دینی بصیرت اور تحقیق سے کام لینا چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق، کینیڈا سے آئے ہوئے مولانا سید محمد ذکی الباقری نے ایامِ فاطمیہ کی مناسبت سے خطبۂ فدکیہ کو علم اور حکمت کا عظیم سرمایہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سافٹ وار کے ذریعے تاریخی شخصیات اور موجودہ قیادتوں کے کردار کو مشکوک بنایا جاتا ہے۔ رہبرِ معظم اور ایران کے خلاف امریکہ و اسرائیل کی جانب سے چلائی جانے والی منفی مہم اسی نرم جنگ کا حصہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں : تاریخی حقائق بیان کریں مگر اشتعال انگیزی سے گریز کیا جائے، علامہ شبیر میثمی
انہوں نے زور دیا کہ کسی خبر کو آگے پھیلانے سے پہلے قرآن مجید کی تعلیمات کے مطابق اس کی تحقیق ضروری ہے۔ اپنے دوسرے خطبے میں مولانا نے علماء کے مقام اور معاشرتی اصلاح پر گفتگو کی۔ انہوں نے شادی بیاہ میں غیر ضروری رسومات، منگنی کی دعوتوں پر بے جا اخراجات اور نمود و نمائش پر تنقید کرتے ہوئے نوجوانوں کی ذمہ دارانہ تربیت پر زور دیا۔ اس موقع پر مستحق طلبہ کے لیے جاری ’’عطرِ آلِ محمد اسکالرشپ اسکیم‘‘ کا بھی خصوصی ذکر کیا گیا۔
آخر میں مولانا ذکی الباقری نے محاسبۂ نفس، اخلاص اور علماء کو معاشرے میں مناسب ذمہ داریاں دینے پر زور دیا۔ خطاب کے اختتام پر انہوں نے مظلوموں کی نصرت، امتِ مسلمہ کی بیداری و اتحاد اور امام زمانہ حضرت امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے ظہور میں تعجیل کے لیے خصوصی دعا فرمائی۔







