امن معاہدے کے تحت ایران کے 6 ارب ڈالر منجمد اثاثے قطر کے ذریعے واپس آ رہے ہیں، ایرانی صدر
شیعیت نیوز : ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ امن معاہدے کے تحت ایران کے 6 ارب ڈالر کے منجمد اثاثے قطر کے ذریعے واپس کیے جائیں گے، جبکہ ایرانی تیل اور پیٹروکیمیکل شعبے پر عائد پابندیاں بھی ختم کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے حالیہ جنگ بندی کو ایرانی عوام کی عظیم کامیابی قرار دیا۔
قم کے دورے کے دوران آیت اللہ العظمیٰ شبیری زنجانی سے ملاقات میں صدر پزشکیان نے بتایا کہ قطر میں ایران کے مجموعی طور پر 12 ارب ڈالر کے اثاثے موجود ہیں، جن میں سے ابتدائی مرحلے میں 6 ارب ڈالر جاری کیے جا رہے ہیں، جبکہ باقی رقم کی واپسی کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔
انہوں نے جنگ کے دوران ایرانی عوام کے استقامت بھرے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ رہبر، وزرا، فوجی کمانڈروں، ممتاز شخصیات اور اسکول کے بچوں کی شہادت کے باوجود قوم، مسلح افواج اور حکومت نے متحد ہو کر ملک کا دفاع کیا۔
یہ بھی پڑھیں : سینیٹر علامہ راجا ناصر عباس جعفری کے ساتھ پولیس کی بد سلوکی، گھر جانے سے روک دیا
صدر نے واضح کیا کہ ایران ایٹمی ہتھیاروں کا خواہاں نہیں ہے اور یہ وہی مؤقف ہے جو شہید رہبر نے ہمیشہ بیان کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بالآخر امریکہ نے اسرائیل کو معاہدہ قبول کرنے پر مجبور کیا، تاہم اسرائیل اب بھی اس معاہدے پر عمل درآمد کا مخالف ہے۔
صدر پزشکیان نے بتایا کہ حکومت نے جنگ سے متاثرہ علاقوں کی تعمیرِ نو کی منصوبہ بندی شروع کر دی ہے اور عوامی ریلیف کے لیے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں۔







