ہندوستان کے ممتاز عالم، مفکر اور اہل بیتؑ کے عاشق کی رحلت، علمی و فکری دنیا سوگوار
شیعیت نیوز : اہلِ سنت کے معروف عالمِ دین، ممتاز اسلامی اسکالر، مصنف، خطیب اور مفکر مولوی سید سلمان حسینی ندوی پیر کی صبح لکھنؤ میں 72 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی خبر منظرِ عام پر آتے ہی ہندوستان سمیت دنیا بھر کے علمی، دینی اور سماجی حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔
مولوی سید سلمان حسینی ندوی دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ سے طویل عرصے تک وابستہ رہے اور علومِ حدیث، فقہ، دعوت، عربی ادب اور اسلامی فکر کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دیں۔ انہوں نے متعدد علمی کتابیں تصنیف کیں، جرائد کی ادارت کی اور دنیا بھر میں بے شمار خطابات کیے۔
یہ بھی پڑھیں : عوام کی معاشی مشکلات کے حل اور قومی اتحاد کو ترجیح دو، آیت اللہ سبحانی
ان کی شخصیت کی نمایاں خصوصیات میں فلسطین کی حمایت، صہیونی اسرائیل اور عالمی استعمار کی مخالفت، اہلِ بیت اطہارؑ سے گہری محبت، اسلامی انقلابِ ایران کی حمایت اور امت مسلمہ کی وحدت پر زور شامل تھا۔ وہ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ خامنہ ای سے فکری وابستگی رکھتے تھے۔
مولوی سید سلمان حسینی ندوی کی رحلت سے ہندوستان کی دینی و علمی روایت کا ایک اہم باب اختتام پذیر ہوگیا، تاہم ان کی گراں قدر تصانیف، علمی خطابات اور ہزاروں شاگرد ان کے علمی ورثے کو آئندہ نسلوں تک منتقل کرتے رہیں گے۔







