دشمن کے مقابلے میں مضبوط موقف اختیار کرنا ناگزیر ہے، آیت اللہ مکارم شیرازی
شیعیت نیوز : آیت اللہ العظمیٰ مکارم شیرازی نے صدر ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کے دوران حکومت کی جانب سے ملک کے مسائل کے حل کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ اقدامات مسلسل جاری رہیں گے اور عوام کو ان کے عملی ثمرات حاصل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن کے مقابلے میں مضبوط اور باوقار موقف اختیار کرنا ناگزیر ہے، کیونکہ کسی بھی قسم کی کمزوری دشمن کو مزید جری بنا دیتی ہے، جبکہ قومی اقتدار دشمن کی طاقت کو کمزور کرتا ہے۔
آیت اللہ مکارم شیرازی نے سخت حالات میں عوام کے صبر، استقامت اور قربانیوں کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ قوم کی عملی اور زبانی دونوں انداز میں قدر دانی کی جانی چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں : جلوس عزاداری پرامن رہے، جہاں رکاوٹیں ڈالی گئیں ان کا نوٹس لیا جائے، مولانا سید ضیاءالحسن نجفی
انہوں نے رہبرِ انقلاب کے مقام و منزلت کے تحفظ اور حکومت و قیادت کے درمیان مکمل ہم آہنگی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے عوام میں اعتماد، اطمینان اور یکجہتی کو فروغ ملتا ہے۔
مرجع تقلید نے مہنگائی پر قابو پانے، بازار کی مؤثر نگرانی اور قیمتوں کو کنٹرول کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ منافع خور عناصر کو عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔







