عزاداری اللہ کا وعدہ ہے، کوئی طاقت اسے مٹا نہیں سکتی، مولانا کلب جواد نقوی
شیعیت نیوز : لکھنؤ — امام بارگاہ غفران مآبؒ میں عشرۂ محرم الحرام کی ساتویں مجلس کو خطاب کرتے ہوئے مولانا کلب جواد نقوی نے کہا کہ خدا نے وعدہ کیا ہے کہ جو لوگ اس کا ذکر زندہ رکھتے ہیں، خدا کبھی ان کے ذکر کو مٹنے نہیں دے گا۔
مولانا نے کہا کہ اہل بیتؑ رسول نے اللہ کے ذکر اور اس کے دین کو بچانے کے لیے اپنا سب کچھ قربان کر دیا، لہٰذا اللہ نے اہل بیتؑ کی یاد کو زندہ رکھا ہے۔ دنیا کی کوئی طاقت اس یاد کو مٹا نہیں سکتی کیونکہ اس یاد کو زندہ رکھنے کی ذمہ داری اللہ کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : عشرۂ محرم الحرام 1448ھ، شب عاشور اور روز عاشور کے اہم اعمال و فضائل
مولانا نے کہا کہ عزاداری کی بقا اور اس میں مسلسل اضافہ اس بات کی دلیل ہے کہ اللہ کا وعدہ پورا ہو رہا ہے۔ کیونکہ ہمیشہ دولت، حکومت اور میڈیا کی طاقت عزاداری کے خلاف رہی، مگر عزاداری کے خلاف نہ دولت کام آئی، نہ حکومت کامیاب ہوئی اور نہ میڈیا اس تحریک کو ختم کر سکا۔
مولانا نے یزید اور اس کے حامیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے واقعۂ کربلا کو دبانے کے لیے دولت خرچ کی، مولویوں اور مفتیوں کا سہارا لیا، مگر واقعۂ کربلا آج بھی لوگوں کے دلوں میں حرارت بن کر موجود ہے۔







