کربلا، آزاد فکر کا راستہ، حوزہ علمیہ امام صادقؑ میں عزاداری کے شعار کی رونمائی
شیعیت نیوز : حوزہ علمیہ امام صادق علیہ السلام کے سرپرست شیخ محمد عبدو نے عزاداری امام حسین علیہ السلام کے پرچم کو نصب کرنے اور مجالس ایام محرم 1448 کے آغاز کی تقریب منعقد کی۔ یہ تقریب حضرت اباعبداللہ الحسین علیہ السلام کی مجالس کے آغاز کی علامت کے طور پر منعقد کی جاتی ہے۔
یہ تقریب اہل بیت علیہم السلام سے محبت، جوش اور شوق سے بھرپور ایک روحانی فضا میں منعقد ہوئی جس میں مذہبی رہنماؤں، حوزہ علمیہ کے طلباء اور اہل بیت علیہم السلام کے عقیدت مندوں نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں : کربلا حق، انصاف، صبر اور استقامت کا ابدی درس دیتی ہے، علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی
شیخ محمد عبدو نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ امام حسین علیہ السلام کے پرچم کو بلند اور نصب کرنا کربلا کے جاودانہ پیغام کو زندہ رکھنے اور ان اصولوں اور اقدار جیسے عدالت، آزادی، ایثار اور ظلم و ستم کے خلاف جدوجہد کی یاد دہانی ہے۔
انہوں نے کہا کہ محرم کا مہینہ قیام کربلا کی تعلیمات کی طرف رجوع کرنے، روحانی اور اخلاقی خود سازی، اسلامی اتحاد کو مضبوط کرنے اور اہل بیت علیہم السلام سے محبت کو گہرا کرنے کا ایک قیمتی موقع ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اس تقریب کے ایک اور حصے میں حوزہ علمیہ امام صادق علیہ السلام کے سرپرست نے رسمی طور پر محرم 1448 ہجری / 2026 عیسوی کے شعار کی رونمائی کی جو ہے: "کربلا، آزاد فکر کا راستہ”۔ یہ شعار معاشرے کو کربلا کی تحریک کے کردار پر گہرائی سے غور کرنے، استبداد اور ظلم کا مقابلہ کرنے اور عدالت، انصاف اور انسانی عزت پر مبنی معاشرہ بنانے کی ترغیب دینے کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔







