مینارِ پاکستان پر شہید امت کانفرنس کا عظیم الشان اجتماع، دو لاکھ سے زائد افراد کی شرکت
شیعیت نیوز : لاہور: پاکستان کے تاریخی مقام مینارِ پاکستان پر "شہید امت” کے عنوان سے منعقد ہونے والا عظیم الشان عوامی اجتماع مکمل طور پر کامیاب رہا۔ اس اجتماع کا اہتمام پاکستان کی شیعہ تنظیموں اور مذہبی حلقوں نے کیا، جس میں ملک بھر سے لاکھوں مرد، خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔
منتظمین کے مطابق مختلف شہروں اور علاقوں سے قافلوں کی آمد گزشتہ کئی گھنٹوں سے جاری تھی۔ اجتماع کے آغاز سے قبل ہی شرکاء کی بڑی تعداد پنڈال اور اطراف کے علاقوں میں پہنچ چکی تھی۔ ملک کے چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے ہزاروں افراد لاہور پہنچے۔
اجتماع سے خطاب کرنے والوں میں سینیٹر حجۃ الاسلام والمسلمین ناصر عباس جعفری، علامہ سید جواد نقوی، سراج الحق، خواجہ سعد رفیق، علامہ امین شہیدی، علامہ اقبال بہشتی، علامہ سید ہاشم موسوی اور دیگر شیعہ و سنی رہنما شامل تھے۔
یہ بھی پڑھیں : شہادتِ رہبر ایک فرد کا اختتام نہیں بلکہ ایک فکری تحریک کی توسیع اور دوام ہے، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری
علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ امریکہ میدان جنگ میں شکست کھانے کے بعد مذاکرات پر مجبور ہوا، مگر ایران مذاکرات میں بھی اسے شکست دے گا۔ علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ شہادتِ رہبر ایک فرد کا اختتام نہیں بلکہ ایک فکری تحریک کی توسیع اور دوام ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے لبیک یا حسین کے نعروں کو صہیونی قوتوں پر قہر قرار دیا۔ علامہ امین شہیدی نے استکبار کے مقابلے میں امت کی اتحاد و استقامت پر زور دیا۔
منتظمین کا کہنا ہے کہ اجتماع کے دوران قومی یکجہتی، بین المسالک ہم آہنگی اور امت مسلمہ کے مشترکہ مسائل پر اہم پیغامات دیے گئے۔ تقریب کے اختتام پر ایک متفقہ اعلامیہ جاری کرنے کا بھی امکان ہے۔
یہ اجتماع پاکستان میں حالیہ برسوں کے سب سے بڑے عوامی مذہبی و سیاسی اجتماعات میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔







