ایران اپنے دفاع کے لیے کسی طاقت سے اجازت نہیں لیتا، فاطمہ مہاجرانی
شیعیت نیوز : ایرانی حکومت کی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے امریکہ کی جانب سے ایران کے خلاف دوبارہ جنگ کی دھمکیوں کے جواب میں کہا ہے کہ ایران اپنے دفاع کے لیے کسی طاقت سے اجازت نہیں لیتا۔ "ایران دھمکیوں سے تباہ نہیں ہوگا” کے عنوان سے اپنی تحریر میں انہوں نے کہا کہ ایران کے دشمن ایسے بات کرتے ہیں جیسے ایک حکم سے کسی ملک کو دنیا کے نقشے سے مٹایا جا سکتا ہو۔
فاطمہ مہاجرانی نے کہا کہ امریکی حکام اور غاصب اسرائیل کے عہدیداروں کو سمجھ لینا چاہیے کہ ایران کی تقدیر ان کی خواہشات کے مطابق نہیں لکھی جاتی۔ انہوں نے کہا کہ یہ قوم اپنی خودمختاری اور اپنے مستقبل کے فیصلے کا حق دھمکیاں دینے والوں کے حوالے نہیں کرے گی اور دھمکیوں کی تکرار سے یہ حقیقت تبدیل نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ہم جنگ کی تکالیف سے واقف ہیں، اسی لیے ذمہ داری کے احساس کے ساتھ امن کی بات کرتے ہیں اور جنگ روکنے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن کسی کو اس احساس ذمہ داری کو ایران کے دفاع میں ہچکچاہٹ نہیں سمجھنا چاہیے۔ عوام کی جان، ملک کی ارضی سالمیت اور خودمختاری کا تحفظ ایسا فریضہ ہے جس میں ہم کبھی کوتاہی نہیں کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں : قومی اتحاد ایران کا قیمتی سرمایہ، حالیہ جنگ میں امریکہ ناکام رہا، امام جمعہ تہران
ایرانی حکومت کی ترجمان نے کہا کہ ملک کی طاقتور مسلح افواج اس سرزمین کی حفاظت کی ذمہ دار ہیں اور جارحیت کرنے والوں کو جان لینا چاہیے کہ جارحیت کا فیصلہ بغیر قیمت اور نتائج کے نہیں رہے گا۔
فاطمہ مہاجرانی نے کہا کہ ایران کے بارے میں کوئی بھی ایسا اندازہ جو ایرانی قوم کی دفاعی صلاحیتوں اور عوام کے عزم کو نظر انداز کرے، بنیادی طور پر غلط ہے۔







