امام خمینیؒ کی 37ویں برسی پر تہران کے مسیحی گرجا میں تعزیتی تقریب، بین المذاہب ہم آہنگی کا خوبصورت مظاہرہ
شیعیت نیوز : تہران: تاریخی سینٹ سرکیس کیتھیڈرل میں اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینیؒ کی 37ویں برسی کے موقع پر ایرانی مسیحی برادری کی جانب سے ایک تعزیتی و یادگاری تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب میں مختلف مذہبی، سماجی اور ثقافتی شخصیات نے شرکت کی۔ مقررین نے امام خمینیؒ کی سیاسی اور سماجی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے آزادی، خودمختاری، انسانی وقار اور مذاہب کے درمیان باہمی احترام جیسے اصولوں کو فروغ دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ انہی اقدار کی بدولت ایران میں مختلف مذہبی برادریوں اور اقلیتوں کو اپنے دینی و ثقافتی تشخص کے ساتھ زندگی گزارنے کے مواقع میسر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کا 9 رکنی مجلسِ اعلیٰ تشکیل، علامہ سید ریاض حسین نجفی صدر منتخب
مقررین نے ایران کو مختلف مذاہب، مکاتب فکر اور ثقافتوں کے پرامن بقائے باہمی کی نمایاں مثال قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان، مسیحی، یہودی اور دیگر برادریاں قومی وحدت اور باہمی احترام کے جذبے کے تحت ملک کی ترقی و استحکام میں کردار ادا کر رہی ہیں۔
تقریب کے شرکاء نے امام خمینیؒ کو انصاف، انسانی وقار اور مذاہب کے درمیان احترام کے داعی کے طور پر یاد کیا۔ مبصرین کے مطابق یہ تقریب بین المذاہب ہم آہنگی، قومی یکجہتی اور مشترکہ انسانی اقدار کے فروغ کا مثبت پیغام ہے۔







