ایران اور پاکستان کے عوامی روابط کا فروغ بنیادی اہمیت رکھتا ہے، پاکستانی سفیر

24 اکتوبر, 2026 15:30

شیعیت نیوز : ایران میں پاکستان کے سفیر عمران احمد صدیقی نے کہا ہے کہ ایران اور پاکستان کے عوام کے درمیان براہ راست روابط کا فروغ انتہائی اہم اور بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے یہ بات قم کے دورے کے موقع پر صوبہ قم کے گورنر اکبر بہنام جو سے ملاقات میں کہی۔

پاکستانی سفیر نے کہا کہ ہر سال بڑی تعداد میں پاکستانی شہری زیارت کے لیے قم آتے ہیں جبکہ ایران میں مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد بھی اس شہر سے وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے پاکستانی خاندان سفری و مالی مشکلات کے باعث بار بار قم سے تہران کا سفر نہیں کر سکتے، اسی لیے ایرانی حکام کی منظوری سے قم میں عارضی قونصلر مرکز کے ذریعے خدمات کی فراہمی شروع کی گئی ہے۔

عمران احمد صدیقی کے مطابق سفارت خانے نے آئندہ ہر ماہ قم آ کر پاکستانی شہریوں کو پاسپورٹ، دستاویزات کی تصدیق اور سفری دستاویزات سے متعلق قونصلر خدمات فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس ہفتے منعقدہ کیمپ میں خواتین اور بچوں سمیت تقریباً ایک ہزار افراد نے رجوع کیا۔

یہ بھی پڑھیں : پاک ایران تعلقات کی مضبوطی: گورنر اصفہان کی پاکستانی سفیر سے ملاقات، ثقافتی و تجارتی تعاون بڑھانے پر زور

انہوں نے حرم مطہر حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی زائرین اور قم میں مقیم پاکستانی شہریوں کی خدمت ہمارے لیے باعث افتخار اور دینی ذمہ داری ہے۔

قم کے گورنر اکبر بہنام جو نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے سے بے حد محبت کرتے ہیں، ہر سال پاکستان سے بہت سے افراد زیارت کے لیے قم آتے ہیں اور پاکستانی شہریوں کی بڑی تعداد دینی علوم کی تحصیل کے لیے یہاں مقیم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی شہریوں کو فراہم کی جانے والی خدمات سے متعلق امور متعلقہ حکام کے تعاون سے آگے بڑھائے جائیں گے۔

4:28 شام اکتوبر 24, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔