لاہور میں مرکزی قائدین کا اجلاس، شہید امت کانفرنس کے انتظامات کا جامع جائزہ
شیعیت نیوز : لاہور: اتحاد امت فورم پاکستان کے مرکزی سیکریٹریٹ میں شہید امت کانفرنس کے انتظامات کے حوالے سے ایک اہم مشاورتی نشست منعقد ہوئی۔
اس نشست میں حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ سید جواد نقوی، علامہ محمد امین شہیدی، علامہ سید احمد اقبال رضوی، سید اسد عباس نقوی، سید محمد امین شیرازی، لعل مہدی خان، علامہ ظہیر کربلائی اور علامہ ناصر کربلائی سمیت مختلف شعبہ جات کے مرکزی مسئولین نے شرکت کی۔
اجلاس میں شہید امت کانفرنس کی تیاریوں، انتظامی امور، سیکیورٹی، میڈیا، طعام، استقبالیہ اور دیگر شعبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ مرکزی قائدین نے مختلف کمیٹیوں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام شعبوں کے مسئولین کو اپنے دائرۂ کار میں مکمل اختیارات دیے جائیں تاکہ امور میں سرعت، نظم و ضبط اور ہم آہنگی یقینی بنائی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : شہید امت کانفرنس مینارِ پاکستان: علامہ سید جواد نقوی اور علامہ سید احمد اقبال رضوی کا المصطفیٰ ہاؤس میں اہم اجلاس
قائدین نے عزم کا اظہار کیا کہ شہید امت کانفرنس امت مسلمہ کے اتحاد، بیداری اور شہداء کے مشن سے تجدید عہد کا عظیم مظہر ثابت ہوگی۔ شرکا نے کارکنان سے اخلاص، نظم و ضبط اور ذمہ داری کے ساتھ خدمات انجام دینے کی تاکید کی تاکہ یہ اجتماع تمام اہداف حاصل کر کے ملت اسلامیہ کے لیے مؤثر پیغام بنے۔







