شہید امت کانفرنس مینارِ پاکستان میں عوام کی بڑی تعداد میں شرکت کا عزم، وحدت امت کا تاریخی مظاہرہ

11 جون, 2026 20:47

شیعیت نیوز : لاہور: اتحاد امت فورم کے زیر اہتمام منعقدہ پریس کانفرنس میں علامہ سید جواد نقوی، علامہ محمد امین شہیدی اور علامہ احمد اقبال رضوی نے خطاب کیا۔ اس موقع پر مرکزی صدر آئی ایس او سید محمد امین شیرازی، مولانا ظہیر کربلائی، لعل مہدی خان سمیت مختلف مذہبی و سماجی شخصیات موجود تھیں۔

علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ مینارِ پاکستان کا یہ اجتماع نہ صرف امت مسلمہ کی وحدت اور قومی یکجہتی کا بڑا مظہر بنے گا بلکہ دنیا بھر میں پاکستان کے مثبت، پرامن اور ذمہ دارانہ تشخص کو بھی اجاگر کرے گا۔ انہوں نے شہید رہبر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے راستے کو وحدت امت، استقامت اور مظلوموں کی حمایت کا راستہ قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بدامنی، دہشت گردی اور داخلی و خارجی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے۔ ایسے حالات میں شیعیان پاکستان اور تمام محبان وطن عناصر امن، استحکام اور قومی ترقی کے لیے مثبت کردار ادا کریں گے۔ عسکری اور سیاسی قیادت کا خطے میں مصالحت و ثالثی کا کردار قابل تحسین ہے۔

یہ بھی پڑھیں : امریکی حملوں نے جنگ بندی کو بے معنی بنا دیا ہے، ایرانی وزارت خارجہ

علامہ جواد نقوی نے حکومت پاکستان اور خصوصاً حکومت پنجاب، وزیر اعلیٰ مریم نواز اور متعلقہ اداروں کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے کارکنوں کی کاوشوں پر شہید امت کانفرنس کے انعقاد کی اجازت دی۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ اجتماع تمام سرکاری ضوابط اور ایس او پیز کے مطابق منعقد ہوگا۔

علامہ محمد امین شہیدی نے بتایا کہ جماعت اسلامی سمیت مختلف شیعہ اور سنی جماعتوں کو کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ تمام تیاریاں مکمل ہیں اور لاکھوں عوام شہید امت کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔

یہ کانفرنس پاکستان میں شیعہ سنی اتحاد اور ایران کے ساتھ قومی یکجہتی کا واضح پیغام دے گی۔

10:07 شام جون 11, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔