امریکی حملوں نے جنگ بندی کو بے معنی بنا دیا ہے، ایرانی وزارت خارجہ
شیعیت نیوز : ایرانی وزارت خارجہ نے گزشتہ شب مبینہ امریکی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان جارحانہ کارروائیوں کے خطرناک نتائج کی مکمل ذمہ داری امریکی حکومت پر عائد ہوگی۔
وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ یہ حملے اقوام متحدہ کے منشور، قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت سے متعلق بین الاقوامی اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہیں اور موجودہ جنگ بندی کو بھی بے معنی بنا چکے ہیں۔
بیان کے مطابق بعض علاقائی ممالک کی سرزمین، سہولیات اور وسائل کو ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے وہ ممالک بھی جارحیت میں شریک سمجھے جا سکتے ہیں۔
ایران نے تمام علاقائی ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین کو ایران کے خلاف کسی بھی حملے کے لیے استعمال نہ ہونے دیں اور اپنی قانونی و اخلاقی ذمہ داریاں پوری کریں۔
یہ بھی پڑھیں : غلط حکمت عملی اور جلد بازی پورے خطے کو دلدل میں دھکیل دے گی، ایرانی پارلیمنٹ سپیکر قالیباف
ایرانی وزارت خارجہ نے واضح کیا کہ ایران اپنی سرزمین، سلامتی اور قومی مفادات کے دفاع کے لیے جائز حق استعمال کرتے ہوئے حملوں کے مراکز اور ذرائع کا بھرپور مقابلہ کرتا رہے گا۔ وزارت نے اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف مؤثر موقف اختیار کریں۔







