محرم الحرام میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ناقابل برداشت، عزاداروں کو مشکلات سے نجات دلائی جائے: علامہ مقصود علی ڈومکی

11 جون, 2026 20:22

شیعیت نیوز : جیکب آباد (پریس ریلیز): مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی صدر علامہ مقصود علی ڈومکی کی زیر صدارت جامعہ المصطفی خاتم النبیین جیکب آباد میں ماہ محرم الحرام کے انتظامات، امن و امان کی صورتحال اور بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں علمائے کرام، بانیان مجالس، متولیان امام بارگاہ، تنظیمی ذمہ داران اور شہر کے معززین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اجلاس میں جیکب آباد اور گردونواح میں جاری شدید لوڈشیڈنگ، بار بار ٹرپنگ اور لٹکتے بجلی کے تاروں پر شدید تشویش اور برہمی کا اظہار کیا گیا۔ علامہ مقصود علی ڈومکی نے علمائے کرام کے ہمراہ ایک خصوصی ویڈیو پیغام بھی جاری کیا۔

اپنے خطاب میں علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ جیکب آباد ایشیا کے گرم ترین شہروں میں شمار ہوتا ہے، جہاں شدید گرمی میں 18 سے 20 گھنٹے بجلی کی بندش عوام، تاجروں، طلبہ، مریضوں اور عزاداروں کے ساتھ ظلم کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران مجالس، جلوس اور عزاداری کے اجتماعات جاری ہیں، مگر واپڈا کی جانب سے مناسب حفاظتی اقدامات نہیں کیے جا رہے۔ ماضی میں بھی لٹکتے تاروں اور غفلت کے باعث متعدد عزادار جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

یہ بھی پڑھیں : ایران کے بعد پاکستان اگلا نشانہ! صہیونی-امریکی منصوبہ پورے خطے کے لیے خطرہ، یمنی قائم مقام وزیراعظم

علامہ مقصود علی ڈومکی نے حکومت سندھ، ضلعی انتظامیہ، سیپکو اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ محرم الحرام میں بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کی جائے اور جلوسوں کے راستوں پر خطرناک تاروں کو فوری درست کیا جائے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر متعلقہ اداروں نے ذمہ داریاں ادا نہ کیں تو مجلس وحدت مسلمین عوام اور عزاداروں کے ساتھ مل کر بھرپور احتجاجی تحریک چلانے کا حق محفوظ رکھتی ہے۔

9:51 شام جون 11, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔