محرم الحرام کے پرامن انعقاد کیلئے کوئٹہ میں اعلیٰ سطح کا اہم اجلاس
شیعیت نیوز : کوئٹہ: ڈپٹی کمشنر مہراللہ بادینی کی زیر صدارت محرم الحرام کے دوران سکیورٹی، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ڈی آئی جی کوئٹہ، پولیس، ایف سی، متعلقہ محکموں کے افسران، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں اور شیعہ کانفرنس کے عہدیداران نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عزاداروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی اور ساتویں، نویں اور دسویں محرم کو فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو جلوسوں کے روٹس پر صفائی ستھرائی، سڑکوں کی مرمت، اسٹریٹ لائٹس کی بحالی اور پانی کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں کیسکو کو بلا تعطل بجلی، سوئی سدرن گیس کمپنی کو بہتر گیس سپلائی اور محکمہ صحت کو ہسپتالوں میں ایمرجنسی، اضافی طبی عملہ، ایمبولینسز اور ادویات کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایات دی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں : چلو چلو مینارِ پاکستان چلو! شہید امت کانفرنس کی سرکاری اجازت مل گئی
ڈپٹی کمشنر نے پولیس، ایف سی اور دیگر اداروں کو ہدایت کی کہ وہ مکمل رابطے میں رہتے ہوئے جلوسوں، مجالس اور حساس مقامات کی نگرانی کریں۔ مچھ، ڈاگاری اور دیگر علاقوں سے آنے والے عزادار قافلوں کو خصوصی سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر آفس میں مرکزی کنٹرول روم قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
یہ اجلاس عزادارانِ امام حسینؑ کے پرامن اور محفوظ عزاداری کے فریضے کو یقینی بنانے کی طرف ریاستی اداروں کا مثبت قدم ہے۔







