کیتھولک چرچ کے نمائندے کی علامہ سید ساجد علی نقوی سے تعزیت کے لیے ملاقات
شیعیت نیوز : سربراہ شیعہ علماء کونسل و اسلامی تحریک پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی سے کیتھولک چرچ کی جانب سے پاپائے روم پوپ لیو کے پاکستان میں اسلامی امور کے ایڈوائزر محترم جناب کرسٹوفر شریف نے ملاقات کی۔
اس موقع پر انہوں نے علامہ سید ساجد علی نقوی کی اہلیہ محترمہ کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اور ان کے فرزندان ڈاکٹر عون ساجد اور عباس ساجد کو کیتھولک چرچ اور پاپائے روم کی جانب سے ہمدردی اور تعزیت کا پیغام پہنچایا۔
یہ بھی پڑھیں : نجف اشرف میں عید غدیر کی عالمی تقریبات کا آغاز، 40 ممالک کی شرکت متوقع
ملاقات کے دوران بین المذاہب ہم آہنگی، شیعہ اور مسیحی برادری کے باہمی تعلقات، قومی یکجہتی اور مختلف مذہبی و ملی امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ فریقین نے پاکستان میں مذہبی رواداری، باہمی احترام اور امن و اخوت کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔
علامہ سید ساجد علی نقوی نے نیک خواہشات کے اظہار پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مختلف مذاہب کے درمیان احترام، مکالمے اور تعاون کے فروغ سے معاشرے میں امن، بھائی چارے اور باہمی اعتماد کو مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے بین المذاہب تعلقات کو مزید پختہ بنانے اور مشترکہ انسانی و اخلاقی اقدار کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔
ملاقات کے اختتام پر مرحومہ کے ایصال ثواب اور بلندی درجات کے لیے دعا کی گئی جبکہ ملک میں امن، استحکام، مذہبی ہم آہنگی اور قومی وحدت کے لیے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔







