شہداء اسلام و شہید امت کانفرنس: ایم ڈبلیو ایم رہنماوں نے کوئٹہ میں دعوتیں شروع کر دیں
شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی، مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی صدر علامہ سہیل اکبر شیرازی اور عزاداری ونگ بلوچستان کے صوبائی صدر علامہ ذاکر حسین درانی نے 24 مئی کو کوئٹہ میں ہونے والی "شہداء اسلام و شہید امت کانفرنس” کے سلسلے میں مختلف دینی، سماجی، سیاسی اور قبائلی شخصیات سے ملاقاتیں کرکے انہیں شرکت کی دعوت دی۔
وفد نے مجلس علمائے مکتب اہل بیتؑ بلوچستان کے صوبائی صدر علامہ ذوالفقار علی سعیدی، حاجی سید امیر حسین حسینی، سید عبدالغنی شاہ حسینی، نیاز علی لاشاری، استاد صادق علی شیرازی، مظہر صادق اور سید محمد ملوک شاہ بخاری سمیت متعدد ممتاز شخصیات کو کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔
اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ رہبر شہید اور شہداء اسلام نے اپنے مقدس خون سے ملت اسلامیہ کو نئی زندگی بخشی ہے۔ آج امت مسلمہ جو مشکلات، سازشوں اور فکری یلغار کا سامنا کر رہی ہے، ان حالات میں شہداء کی فکر، قربانی اور وحدت کا پیغام عام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے اور ملت اسلامیہ میں شعور، بیداری اور وحدت کو فروغ دینے کے لیے منعقد کی جا رہی ہے۔ علامہ ڈومکی نے رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی قیادت کو امت کے لیے امید اور بصیرت کی علامت قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں : ایرانی سفیر کا پاکستان کی ثالثی کی تعریف: محسن نقوی کا مبارکباد فون
علامہ سہیل اکبر شیرازی اور علامہ ذاکر حسین درانی نے کہا کہ یہ کانفرنس بلوچستان سمیت پورے ملک کے لیے اتحاد، بیداری اور دفاع پاکستان کے عزم کی تجدید کا اہم موقع ہوگی۔ انہوں نے تمام مکاتب فکر، علمائے کرام، سیاسی جماعتوں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ کانفرنس میں بھرپور شرکت کرکے شہداء اسلام سے وفاداری کا ثبوت دیں۔







