کوئٹہ سی ٹی ڈی آپریشن: کالعدم لشکر جھنگوی اور سپاہ صحابہ کے 9 دہشتگرد جہنم واصل
شیعیت نیوز : کوئٹہ کے نواحی علاقوں پنجپائی اور نوحصار میں سی ٹی ڈی کے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران کالعدم لشکر جھنگوی اور کالعدم سپاہ صحابہ سے تعلق رکھنے والے 9 مبینہ دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ان علاقوں میں کارروائی شروع کی۔ اس دوران آئی ای ڈی دھماکے اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں سی ٹی ڈی کے 4 اہلکار شہید ہوگئے جبکہ 6 اہلکار زخمی ہوئے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق سی ٹی ڈی کی جوابی کارروائی میں 9 مبینہ دہشتگرد مارے گئے۔ ہلاک ہونے والوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سی ٹی ڈی پنجاب کی بڑی کامیابی: کالعدم لشکر جھنگوی اور سپاہ صحابہ کے 13 دہشت گرد گرفتار
بلوچستان کے وزیر داخلہ کے میڈیا معاون بابر یوسفزئی نے بیان میں کہا کہ سی ٹی ڈی نے ان علاقوں میں دہشتگردوں کی اطلاع پر یہ آپریشن کیا۔ دہشتگردوں کی بھرپور مزاحمت کے نتیجے میں 4 اہلکار شہید اور 6 زخمی ہوئے۔
انہوں نے کہا سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ کسی کو بلوچستان کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ تمام شہداء کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہیں اور زخمی اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔






