شیعہ کانفرنس کا حکومت سے بڑا مطالبہ، محرم الحرام میں زائرین کے لیے تفتان اور ریمدان بارڈر فوری کھولے جائیں
شیعیت نیوز : شیعہ کانفرنس نے وفاقی حکومت سے زائرین کے لیے زمینی راستہ کھولنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ زائرین کے مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ محرم الحرام میں ہزاروں زائرین بذریعہ روڈ ایران اور عراق جاتے ہیں۔
اپنے جاری کردہ بیان میں شیعہ کانفرنس کے صدر عاشق حسین ہزارہ اور کابینہ اراکین نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے احسن اقدامات اٹھاتے ہوئے ایران کے ساتھ زمینی تجارت کے فروغ کے لیے اہم اقدام اٹھایا، جس پر ہم ان کے مشکور ہیں۔ انہوں نے خطے میں پیدا ہونے والی حالیہ کشیدگی اور آبنائے ہرمز کی بندش کے پیش نظر نئی تجارتی راہداریاں کھولنے کا اعلان کیا ہے، جو قابل ستائش اور احسن اقدام ہے۔ یہ کوریڈور پاک ایران اقتصادی تعلقات میں ایک نیا موڑ ہے، جو علاقائی چیلنجز کے باوجود ٹرانزٹ ٹریڈ کو فعال رکھے گا۔ چھ نئی تجارتی راہداریاں کھولی گئی ہیں جو خوش آئند ہے۔
یہ بھی پڑھیں : علامہ اقتدار حسین نقوی کا اہم بیان، پاک ایران دوستی لازوال، 3 مئی کو ملتان میں عظیم چہلم کا اعلان
بیان میں اعلیٰ حکام سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ اسی طرح زائرین جو بذریعہ سڑک پاکستان سے ایران اور پھر عراق جاتے ہیں، ان کے لیے بھی تفتان بارڈر اور ریمدان بارڈر کو کھولا جائے تاکہ لاکھوں عاشقان اہل بیت ایران و عراق کی زیارات بآسانی کر سکیں۔ تفتان اور ریمدان-گبد بارڈر پر امیگریشن، سکیورٹی، میڈیکل اور ٹرانسپورٹ کی سہولیات کو عالمی معیار کے مطابق بنایا جائے۔ مسافر بس سروس اور تجارتی کارگو کا باقاعدہ آغاز کیا جائے، تاکہ بلوچستان کے سرحدی عوام کو روزگار اور معیشت میں براہ راست فائدہ پہنچے۔
ہم حکومت پاکستان، وزارت خارجہ، وزارت داخلہ اور ایرانی حکام سے پرزور اپیل کرتے ہیں کہ زائرین، تاجروں اور عام عوام کی سہولت کے لیے ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات کیے جائیں۔ محرم الحرام کی آمد آمد ہے اور زائرین محرم الحرام میں اربعین کے موقع پر پاکستان سے بذریعہ سڑک ایران اور عراق جاتے ہیں۔ گزشتہ سال سے سفر بند ہے، جس سے زائرین شدید ذہنی کرب کا شکار ہیں۔ ہمارے مطالبات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔







