علامہ سید عابد الحسینی کا خصوصی انٹرویو، شہید رہبر کی شہادت نئے انقلاب کا آغاز ہے، ٹرمپ اور یاہو ولی خدا کے قاتل ہیں
شیعیت نیوز : علامہ سید عابد حسین الحسینی نے کہا ہے کہ رہبر معظم شہید سید علی خامنہ ای کی شہادت نے نہ صرف ملت تشیع بلکہ پوری امت مسلمہ کو یکجا کر دیا ہے۔ ان کی شہادت کے بعد پوری دنیا کے مسلمانوں کے لیے بالعموم اور پاکستان کی ملت تشیع کے لیے بالخصوص آگے کا لائحہ عمل اتحاد حق اور ایک جھنڈے تلے جمع ہونے کا ہے۔
علامہ صاحب نے فرمایا: "بسم اللہ الرحمٰن الرحیم۔ آپ نے بالکل درست فرمایا، جب کوئی خدا کا ولی اس دنیا سے جاتا ہے تو وہ اپنے پیچھے ایک راستہ چھوڑ کر جاتا ہے۔ ہمارے رہبر جب شہید ہوئے تو یقیناً یہ ایک ناقابل تلافی نقصان تھا۔ رہبر وہی ہوتا ہے کہ جو اپنے پیروکاروں کو لائحہ عمل دے کر جائے۔ شہید رہبر کی شہادت نے نہ صرف شیعہ سنی تفریق ختم کی بلکہ پوری امت کو ایک جگہ لا کھڑا کر دیا۔ جہاں امریکہ اور اسرائیل جیسے بدمعاش دہشت گردوں کے خلاف شدید ترین نفرت پائی جا رہی ہے، وہاں اب حق اور باطل کی تفریق واضح ہو چکی ہے۔ اب تمام دنیا کے حریت پسندوں کو معلوم ہو چکا ہے کہ اس دنیا کے سب سے بڑے نجس دہشت گرد اور یزیدِ وقت امریکہ اور اسرائیل ہیں۔”
یہ بھی پڑھیں : شیعہ کانفرنس کا حکومت سے بڑا مطالبہ، محرم الحرام میں زائرین کے لیے تفتان اور ریمدان بارڈر فوری کھولے جائیں
علامہ سید عابد حسین الحسینی نے پاکستان کی ملت تشیع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ مسلک کی تفریق کو ایک طرف رکھ کر حق کے پرچم تلے جمع ہو جائے۔ پاکستان کی ملت تشیع شہید رہبر کے راستے پر چلتے ہوئے متحد ہو جائے۔ شہادت پر ہم رنجیدہ ضرور ہیں مگر یہ اختتام نہیں بلکہ پوری دنیا میں ایک نئے انقلاب کا آغاز ہے۔
انہوں نے مزید کہا: "انشاءاللہ ایک دن ایسا آئے گا کہ پاکستان کی ملت تشیع تسبیح کے دانوں کی طرح ایک لڑی میں پروئی جائے گی۔ مذہبی اور اجتماعی معاملات میں ہم سب ایک ہیں۔ تمام تنظیمیں، علماء اور قائدین یک زبان ہیں۔ قومی مفاد میں بھی ایک دن انشاءاللہ تمام شیعہ تنظیمیں ایک سیاسی طاقت بن کر ابھریں گی اور وہ دن زیادہ دور نہیں۔”
امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات میں تعطل پر علامہ صاحب کا کہنا تھا کہ امریکہ اپنی شکست کو کامیابی میں بدلنا چاہتا ہے مگر ایران نے باوقار انداز میں بہترین مطالبات رکھے ہیں۔ ٹرمپ ان مذاکرات کو ناکام بنانا چاہتا ہے کیونکہ وہ شکست کا اعتراف نہیں کر سکتا۔
ڈونلڈ ٹرمپ اور نیتن یاہو کو رہبر معظم سید علی خامنہ ای کے قاتل قرار دیتے ہوئے علامہ صاحب نے کہا: "آپ نے بالکل درست فرمایا، ٹرمپ ہمارے رہبر معظم کا قاتل ہے۔ ہم 1400 سال سے امام حسین علیہ السلام کے قاتل یزید کو نہیں بھولے تو ٹرمپ کو کیسے بھول سکتے ہیں؟ اس نے ولی خدا اور نائب امام عج کا قتل کیا ہے جو ناقابل معافی جرم ہے۔ ٹرمپ اور نیتن یاہو قاتل تھے، ہیں اور رہیں گے۔ ان کا پیچھا اور تعاقب جاری رہے گا اور انشاءاللہ تعالیٰ ایک دن انہیں اس پاک خون کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔”







