صراط تبلیغی مرکز کے وفد کی مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کے قائدین سے اہم ملاقات
شیعیت نیوز : صراط تبلیغی مرکز پاکستان کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے مولانا سید تصور حسین نقوی کی سربراہی میں مجلسِ وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) شعبۂ قم کے دفتر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایم ڈبلیو ایم قم کے انچارج مولانا سید ذیشان حیدر الحسنی اور ان کی کابینہ کے اراکین سے تفصیلی ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران مولانا سید تصور حسین نقوی نے صراط تبلیغی مرکز کی سرگرمیوں اور جاری تبلیغی منصوبوں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مرکز کا بنیادی ہدف قم المقدسہ سے فارغ التحصیل طلاب و علماء کی علمی صلاحیتوں سے استفادہ کرتے ہوئے انہیں پاکستان کے مختلف علاقوں میں مساجد اور دینی مراکز کی آبادکاری کے لیے منظم کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس جدوجہد کے نتیجے میں اب تک پاکستان میں متعدد مساجد کو آباد کیا جا چکا ہے، جہاں نمازِ جماعت، دینی تعلیم اور معاشرتی سرگرمیوں کا سلسلہ کامیابی سے جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایف آئی آرز اور فورتھ شیڈول سے مجالس عزا کو نہیں روکا جاسکتا، شیعہ علماء کونسل
اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم شعبۂ قم کے انچارج مولانا سید ذیشان حیدر الحسنی نے صراط تبلیغی مرکز کی جانب سے انجام دی جانے والی ان گراں قدر خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے مرکز کے ساتھ مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم شعبۂ قم، پاکستان سے تعلق رکھنے والے طلاب و علماء کو اس مرکز کی سرگرمیوں اور تبلیغی مواقع سے آگاہ کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی، تاکہ زیادہ سے زیادہ اہلِ علم وطن عزیز میں دینی خدمات انجام دے سکیں۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں جماعتوں نے مساجد کی آبادکاری اور علماء و طلاب کے درمیان مؤثر روابط کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔







