مسلط کردہ جنگوں میں پولیس کا دفاعی کردار نمایاں رہا، رہبر انقلاب اسلامی کا ہفتہ پولیس پر اہم پیغام

09 اکتوبر, 2026 07:48

شیعیت نیوز : رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای نے ‘ہفتہ پولیس فورس’ کی مناسبت سے جاری کردہ اپنے ایک اہم پیغام میں ملک بھر میں امن و سلامتی کے قیام میں پولیس کے کلیدی کردار کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ مسلط کردہ دوسری اور تیسری جنگ کے دوران ملک کے دفاع اور سیکورٹی میں پولیس فورس کے زبردست اثرات مزید آشکار ہو کر سامنے آئے ہیں۔

اپنے پیغام میں رہبر انقلاب نے کہا کہ ملک کے طول و عرض، بڑے شہروں سے لے کر دیہاتوں کی چھوٹی اکائیوں تک، اور دشوار گزار پہاڑوں سے لے کر سمندروں تک امن و سلامتی کی فراہمی پولیس کے فداکار اور محنتی اہلکاروں کی شجاعت کا ثمرہ ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ مجرم امریکی اور صیہونی دشمن نے اعلیٰ ترین سطح سے لے کر نچلی سطح تک پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانے کی خبیثانہ کوششیں کیں، لیکن تاریخ میں بے مثال یہ لاحاصل حملے پولیس کے بہادر جوانوں کو ان کی ذمہ داریوں سے ذرہ بھر پیچھے ہٹانے میں ناکام رہے۔

یہ بھی پڑھیں : حزب اللہ کو کوئی طاقت متزلزل نہیں کر سکتی، خطِ ولایت پر گامزن رہیں گے، شیخ نعیم قاسم

رہبر معظم نے اس بات پر زور دیا کہ مظلوم اور مقتدر ایرانی قوم ملک کی سلامتی کے ان گمنام محافظوں کی مسلسل زحمتوں کی بھرپور قدردان ہے۔ انہوں نے پولیس فورس کی ہمہ گیر تقویت، بالخصوص جدید ٹیکنالوجیز اور ڈیٹا کے تجزیے میں مصنوعی ذہانت (AI) کے اسمارٹ استعمال کی اہمیت کو اجاگر کیا تاکہ ذمہ داریوں کی انجام دہی کو مزید موثر بنایا جا سکے۔ پیغام کے آخر میں رہبر انقلاب نے پولیس فورس کے بلند مرتبہ شہداء کے درجات کی بلندی، ان کے اہل خانہ، جوانوں اور انتھک کمانڈروں کی کامیابی و عزت کے لیے امام زمانہ (عج) کے طفیل خصوصی دعا فرمائی۔

8:38 صبح اکتوبر 9, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔