امریکہ اسٹریٹجک بندگلی میں پھنس گیا، خلیج فارس میں بحری بیڑے بھی محفوظ نہیں، جنرل محسن رضائی
شیعیت نیوز : ایرانی پاسداران انقلاب کے سابق سربراہ جنرل محسن رضائی نے کہا ہے کہ امریکہ اس وقت ایک شدید اسٹریٹجک بندگلی کا شکار ہے، جہاں ایک طرف وہ جنگ کو آگے بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے جبکہ دوسری طرف اس کے اپنے فوجی براہِ راست کارروائی سے خوفزدہ ہیں۔
جنرل محسن رضائی نے دعویٰ کیا کہ امریکہ آئندہ دو سے تین دن میں ممکنہ طور پر جنگ میں براہِ راست داخل ہونے کا ارادہ رکھتا ہے، تاہم امریکی فوجی قیادت نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کسی بھی زمینی یا بحری کارروائی کی صورت میں ان کے اہلکاروں کی گرفتاری کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ مختلف عسکری راستوں پر غور کر رہا ہے جن میں محدود حملے یا فضائی کارروائیاں شامل ہیں، تاہم ان کے مطابق یہ تمام آپشنز امریکہ کے لیے خطرناک نتائج کا باعث بن سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : عالمی سمود فلوٹیلا دوم: اسرائیلی قزاقی کا شکار، غزہ جانے والا انسانی بیڑا بحیرہ روم میں روک لیا گیا
جنرل رضائی نے قرآنِ کریم کی ایک آیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ مکڑی کے جالے کی طرح کمزور ہے اور خلیج فارس میں اس کے بحری بیڑے بھی مکمل طور پر محفوظ نہیں رہ سکتے۔
انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ امریکی سیاسی اور عسکری حلقوں میں شدید اضطراب پایا جاتا ہے، جبکہ بعض قیادتیں داخلی دباؤ اور سیاسی مقدمات کی وجہ سے جنگی راستہ اختیار کرنے پر غور کر رہی ہیں۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ ایران خطے کی صورتِ حال پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہے اور ہر قسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔







