سی سی ڈی کا کامیاب آپریشن، 12 سالہ طالبعلم کو اغواہ کے بعد بدفعلی کرنے والے کالعدم لشکر جھنگوی کے 2 خطرناک دہشتگرد ہلاک
شیعیت نیوز : ٹیکسلا کے علاقے میں کالعدم لشکر جھنگوی کے انتہائی خطرناک ملزمان اور سی سی ڈی کے درمیان خوفناک مقابلہ ہوا جس میں دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں کالعدم لشکر جھنگوی کے 2 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔
سی سی ڈی ذرائع کے مطابق مقابلہ اس وقت پیش آیا جب ٹیم نے اشتہاری ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپا مارا اور ملزمان نے پولیس ٹیم کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران دونوں دہشتگرد مارے گئے اور ان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا، جبکہ ایک گولی کانسٹیبل جمیل کو بھی لگی تاہم وہ بلٹ پروف جیکٹ کی وجہ سے محفوظ رہے۔
ہلاک ہونے والے یہ درندے جڑواں شہروں میں گاڑی چوری، راہزنی سمیت بچوں کے ساتھ زیادتی کے متعدد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھے اور انہوں نے چند روز قبل ریلوے گراؤنڈ ڈھوک حسو سے 12 سالہ اسکول طالبعلم کو اغوا کر کے بدفعلی کا نشانہ بنایا تھا اور رہائی کے لیے 4 لاکھ روپے تاوان بھی وصول کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: سی ٹی ڈی کا کامیاب آپریشن: کالعدم لشکر جھنگوی کا دہشت گرد جہنم واصل، 3 ساتھی فرار
متاثرہ طالبعلم نے ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کی شناخت کر لی ہے اور دونوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
سی سی ڈی کی اس کامیاب کارروائی نے ثابت کیا ہے کہ کالعدم لشکر جھنگوی کے دہشتگردوں کو قانون کے شکنجے سے بچنے کی کوئی راہ نہیں اور پاکستان کی سیکیورٹی فورسز انہیں کیفرِ کردار تک پہنچا کر رہیں گی۔







