علامہ حافظ سید ریاض حسین نجفی بلا مقابلہ وفاق المدارس الشیعہ کے صدر منتخب، پانچ سالہ مدت کے لیے

24 اپریل, 2026 09:20

شیعیت نیوز : وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کی مجلسِ عاملہ کا اجلاس حوزہ علمیہ جامعۃ المنتظر لاہور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملک بھر سے ملحقہ اسلامی تعلیمی اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس میں اتفاقِ رائے سے علامہ حافظ سید ریاض حسین نجفی کو وفاق المدارس الشیعہ کا آئندہ پانچ سال کے لیے بلا مقابلہ صدر منتخب کر لیا گیا۔

چیئرمین الیکشن کمیشن کے فرائض علامہ سید محمد تقی نقوی کی نیابت میں علامہ شبیر حسن میثمی نے انجام دیے۔ حافظ سید ریاض حسین نجفی کے مقابلے میں کسی بھی امیدوار نے کاغذاتِ نامزدگی جمع نہ کروائے، اراکینِ مجلسِ عاملہ نے اپنی نشستوں سے کھڑے ہو کر اور ہاتھ بلند کر کے انتخاب کی رسمی منظوری دی۔

اجلاس میں گزشتہ پانچ سالہ کارکردگی رپورٹ سیکرٹری جنرل علامہ محمد افضل حیدری نے پیش کی۔ امتحانات کے حوالے سے رپورٹ مولانا محمد تحسین، مدارس کے دوروں کی رپورٹ ڈاکٹر سید محمد نجفی اور اسناد کی معادلہ سازی سے متعلق رپورٹ مولانا لعل حسین خان توحیدی نے پیش کی۔

یہ بھی پڑھیں: پاک سرزمین پر ناپاک ٹرمپ کا آنا ناقابلِ قبول ہے، علامہ جواد نقوی

نو منتخب صدر علامہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے خطاب کرتے ہوئے مدارسِ دینیہ کے مدیران کو تعلیماتِ قرآن اور نمازِ باجماعت عام کرنے کی تاکید کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آبادی کے تناسب سے اہلِ تشیع کے مدارس اور طلبہ کی تعداد بہت کم ہے، اس تعداد کو بڑھانے کے لیے علمائے کرام کو اپنے حلقہ احباب اور آبادیوں میں محنت کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ مدارس میں ایسے مدرسین رکھے جائیں جن کی درس و تدریس کے علاوہ دیگر مصروفیات کم ہوں۔ رئیس الوفاق نے برصغیر میں شیعہ مدارس کی تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ موجودہ پاکستان میں شیعہ کے پہلے مدرسے باب العلوم ملتان کی بنیاد 1932ء میں رکھی گئی، قیامِ پاکستان کے بعد 1949ء میں متعدد مدارسِ دینیہ تشکیل دیے گئے اور حوزہ علمیہ جامعۃ المنتظر کی تاسیس 1954ء میں ہوئی۔

وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کی مجلسِ اعلیٰ کے رکن قائدِ ملتِ جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے حافظ سید ریاض حسین نجفی کے انتخاب کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ انہیں متفقہ طور پر صدر منتخب کیا گیا۔

اجلاس میں چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے مدارسِ دینیہ کے مدیران و مدرسین، مرکزی کابینہ اور مجلسِ اعلیٰ کے ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس کے موقع پر علامہ ملک اعجاز حسین نجفی، علامہ سید افتخار حسین نقوی، علامہ شبیر حسن میثمی، علامہ سید مرید حسین نقوی، علامہ عبدالمجید بہشتی، علامہ شیخ محمد شفا نجفی، علامہ محمد اسحاق نجفی، علامہ محسن مہدوی، علامہ اکبر زاہدی اور دیگر بزرگ علماء نے شرکت کی۔

10:41 صبح اپریل 24, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔