پنجاب سینٹر آف ایکسیلنس اور ادارہ منہاج الحسینؑ کا مشترکہ اجلاس، پاکستان کو امنِ عالم کا سفیر بنانے کا عزم
شیعیت نیوز : محکمہ داخلہ پنجاب کے ذیلی ادارے ”پنجاب سینٹر آف ایکسیلنس برائے انسدادِ انتہا پسندی” اور ادارہ منہاج الحسینؑ کے باہمی اشتراک سے ”پاکستان: سفیرِ امنِ عالم” کے موضوع پر اجلاس ہوا۔
اجلاس کا بنیادی مقصد پُرامن بقائے باہمی کو فروغ دینا، اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ، بین المذاہب ہم آہنگی کو مضبوط کرنا اور ایک روادار، فلاحی معاشرے کے قیام کے لیے عملی اقدامات کو آگے بڑھانا تھا۔
اجلاس میں محکمہ داخلہ کی جانب سے ڈاکٹر طاہر رضا بخاری، سہیل رضا اور ڈاکٹر احمد خاور شہزاد نے شرکت کی، جبکہ ادارہ منہاج الحسینؑ کی جانب سے علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر، علامہ غلام مصطفیٰ نیئر علوی، علامہ محمد سبطین اکبر، علامہ حسن رضا باقر، سید رضی العباس شمسی، ڈاکٹر سید سجاد رضوی، علامہ سجاد حسین جوادی، اور علی حسین اکبر سمیت دیگر نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: ایران کے مؤقف کو عالمی اہمیت، پاکستان کے سفارتی رابطے تیز
مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان کو عالمی سطح پر امن، رواداری اور بھائی چارے کے سفیر کے طور پر پیش کرنے کے لیے معاشرتی ہم آہنگی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف مذاہب اور ثقافتوں کے درمیان باہمی احترام اور مکالمہ ہی ایک مستحکم اور پُرامن معاشرے کی بنیاد ہے۔
مزید برآں، شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ انتہا پسندی کے خاتمے، امن کے فروغ اور انسانیت کی خدمت کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے تاکہ پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک مثالی اور پُرامن ریاست بنایا جا سکے۔
تقریب کے اختتام پر محکمہ داخلہ کے وفد کو ادارہ منہاج الحسینؑ کے مختلف شعبوں کا دورہ کروایا گیا۔ وفد نے ادارے کے تعلیمی نظام اور فکری تربیت کے امور کی تعریف کی۔







