ایران کے مؤقف کو عالمی اہمیت، پاکستان کے سفارتی رابطے تیز
شیعیت نیوز : باخبر ذرائع کے مطابق پاکستان نے ایران کے ساتھ اعلیٰ سطحی سفارتی رابطے تیز کر دیئے ہیں، تاکہ تہران کو مذاکرات کے دوسرے دور میں شرکت پر آمادہ کیا جا سکے، جس کا مقصد نازک جنگ بندی برقرار رکھنا اور پائیدار امن کی راہ ہموار کرنا ہے۔ اس پیش رفت سے آگاہ حکام کے مطابق، پاکستان کی اعلیٰ قیادت ایرانی حکام کے ساتھ فعال رابطے میں ہے۔ اس حوالے سے نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیرِ داخلہ محسن نقوی سرگرم ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کا بنیادی مقصد کسی بھی ممکنہ تصادم کو روکنا اور ساتھ ہی اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ جنگ بندی میں توسیع ہو سکے۔ اسلام آباد دونوں فریقین کو براہِ راست مذاکرات کے لیے بھی آمادہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے، تاکہ طویل مدتی استحکام حاصل ہو سکے۔
ایک باخبر ذریعے کا کہنا تھا کہ ہم اپنی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اسلام آباد ایران کے جواب کا منتظر ہے۔ اس ذریعے سے دی نیوز کی بات چیت منگل کی رات 9 بجے ہوئی۔ ایران کی جانب سے شرکت کی تصدیق ہوتے ہی پاکستان اسلام آباد میں مذاکرات کے دوسرے دور کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔ ذریعے کا کہنا تھا کہ ہم مذاکرات کی سہولت کاری اور میزبانی کے لیے تیار ہیں۔ اگرچہ بعض بین الاقوامی میڈیا رپورٹس میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ مذاکرات بدھ کی صبح ہوں گے، تاہم پاکستان کے وزیرِ اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے منگل کی رات دیر گئے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں صورتحال کی وضاحت کی۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کی خاموشی، امریکا تذبذب کا شکار؛ ٹرمپ کی اہم میٹنگ بے نتیجہ
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے سات بجے تک پاکستان مجوزہ اسلام آباد امن مذاکرات کے لیے ایرانی وفد کی تصدیق کے حوالے سے باضابطہ جواب کا منتظر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان بطور ثالث ایرانی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور سفارت کاری و مذاکرات کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ عطاء تارڑ نے مزید بتایا کہ جنگ بندی 22 اپریل کو صبح 4 بج کر 50 منٹ (پاکستانی وقت کے مطابق) پر ختم ہو جائے گی، جس سے تہران کی جانب سے فوری فیصلے کی اہمیت اجاگر ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایرانی قیادت کو مذاکرات کے دوسرے دور میں شرکت پر آمادہ کرنے کے لیے مخلصانہ کوششیں کی ہیں اور یہ کوششیں جاری ہیں۔







