سندھ رینجرز اور سی ٹی ڈی کی بڑی کامیابی: کالعدم سپاہ صحابہ کا مطلوب دہشتگرد گرفتار
شیعیت نیوز : سندھ رینجرز اور سی ٹی ڈی نے انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر سائٹ ایریا میں ٹارگٹڈ آپریشن کرتے ہوئے کالعدم سپاہ صحابہ کے انتہائی مطلوب دہشتگرد نور عالم عرف وفادار کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار دہشتگرد کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور دھماکا خیز بارودی مواد برآمد ہوا ہے۔
ترجمان رینجرز کے مطابق نور عالم عرف وفادار ایک عرصے سے ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے۔ ملزم 2014 میں مفتی نور ولی گروہ میں شامل ہوا تھا اور جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز پر متعدد حملوں میں ملوث رہا ہے۔ 2021 میں لیویز چیک پوسٹ پر حملے میں بھی اس کا کردار تھا، جہاں اس کے دو ساتھی ہلاک ہوئے اور 6 اہلکاروں کو اغوا کیا گیا تھا۔ وہ آئی ای ڈیز نصب کرنے اور ریموٹ کنٹرول دھماکوں کا ماہر سمجھا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : لبنان میں اسرائیلی حملے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہیں، حاجی حنیف طیب
آپریشنز کے خوف سے ملزم افغانستان فرار ہو گیا تھا، جہاں سے وہ کمانڈر بلال عرف طوفان کی ہدایات پر نیٹ ورک چلا رہا تھا۔ حالیہ معلومات کے مطابق وہ کراچی میں روپوش ہو کر دہشتگردی کا نیا نیٹ ورک منظم کرنے کی کوشش کر رہا تھا، جسے بروقت کارروائی کر کے ناکام بنا دیا گیا۔
گرفتار دہشتگرد کو مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کے لیے سی ٹی ڈی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ نور عالم سے ملنے والی معلومات کی روشنی میں اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے شہر کے مختلف حصوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ کراچی کے امن کو خراب کرنے والی کسی بھی بیرونی سازش کو پنپنے نہیں دیا جائے گا۔







