کراچی میں بڑا آپریشن، کالعدم سپاہ صحابہ کا انتہائی مطلوب دہشتگرد گرفتار
شیعیت نیوز : پاکستان رینجرز (سندھ) اور سی ٹی ڈی پولیس نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے سائٹ ایریا سے کالعدم سپاہ صحابہ سے تعلق رکھنے والے انتہائی مطلوب دہشتگرد نور عالم عرف وفادار ولد ماروت خان کو گرفتار کر لیا۔
گرفتار دہشتگرد کے قبضے سے اسلحہ و ایمونیشن اور بارودی مواد بھی برآمد کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گرفتار دہشتگرد 2014ء میں کالعدم سپاہ صحابہ کے مفتی نور ولی کے گروہ میں شامل ہوا۔ ٹریننگ کے بعد دہشتگرد جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی متعدد چیک پوسٹوں پر حملے کرنے میں ملوث ہے۔
گرفتار دہشتگرد نے انکشاف کیا کہ 2021ء میں اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ لیویز چیک پوسٹ مکین پر حملہ کیا تھا اور سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں دہشتگرد کے دو ساتھی ہلاک ہوئے، جبکہ دہشتگرد اور اس کے دیگر ساتھیوں نے لیویز کے 6 جوانوں کو اغواء کر لیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : حزب اللہ کی شامی الزامات کی تردید
گرفتار دہشتگرد اپنے دیگر ساتھیوں خان محمد عرف خورائی اور نقیب اللہ عرف معاویہ کے ہمراہ وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے روٹ پر متعدد آئی ای ڈیز لگانے اور دھماکے کرنے میں بھی ملوث ہے۔ جنوبی وزیرستان میں آپریشن کے دوران دہشتگرد اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ افغانستان روپوش ہوا اور بعدازاں کالعدم سپاہ صحابہ کے کمانڈر بلال عرف طوفان کی ہدایات پر دہشتگردی کی مختلف کارروائیوں کے لیے افغانستان سے جنوبی وزیرستان تشکیل بھیجنے میں بھی ملوث ہے۔
گرفتار دہشتگرد جنوبی وزیرستان کا رہائشی ہے اور پچھلے کچھ عرصے سے کراچی میں روپوش تھا۔ گرفتار دہشتگرد افغانستان سے اپنے دیگر ساتھیوں کی ہدایات پر کراچی میں دہشتگردی کی کارروائیوں کے لیے اپنا گروہ منظم کر رہا تھا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار دہشتگرد کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ گرفتار دہشتگرد کو مع اسلحہ و ایمونیشن اور بارودی مواد مزید قانونی کارروائی کے لیے سی ٹی ڈی پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔







