دنیا سنگین بحرانوں کی لپیٹ میں، امتِ مسلمہ کو اتحاد کی ضرورت ہے: لیاقت بلوچ
شیعیت نیوز : نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور مرکزی سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ اس وقت دنیا ایک گھمبیر صورتحال سے دوچار ہے جہاں جنگوں کا تسلسل، اقتصادی بحران اور بڑھتی ہوئی عالمی کشیدگی نے امن کو شدید خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔
ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل امت کے اتحاد کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے اور ہر اس رویے کے خلاف آواز بلند کر رہی ہے جو انسان دشمن ہو۔ اس موقع پر ملی یکجہتی کونسل جنوبی پنجاب کے صدر حافظ محمد اسلم، سیکرٹری جنرل ایوب مغل، علامہ خالد محمود قریشی، بشارت قریشی، سلیم صدیقی اور دیگر بھی موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران پر حملہ اسلامی ممالک پر حملہ ہے، جنگ بندی میں پاکستان کا کردار تاریخی ہے: طاہر اشرفی
لیاقت بلوچ نے کہا کہ عالم اسلام اس وقت بڑے خطرات میں گھرا ہوا ہے اور عالمی طاقتوں کی پالیسیاں صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا رہی ہیں۔ انہوں نے امریکہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ دنیا کو بدامنی کی طرف دھکیل رہا ہے اور اقوام متحدہ کو غیر مؤثر بنا دیا گیا ہے، جبکہ چین کی بڑھتی ہوئی طاقت کو روکنے کی کوششیں جاری ہیں۔
انہوں نے ایران کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل نے ایران پر ناجائز حملے کیے اور اس کی قیادت کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جس پر پوری دنیا میں تشویش پائی جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران نے سخت اقتصادی پابندیوں کے باوجود ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا اور پاکستانی عوام اس کے ساتھ کھڑے ہیں۔
لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر اقتصادی پابندیوں کے باعث توانائی بحران پیدا ہو رہا ہے اور معیشت مشکلات کا شکار ہے۔ انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ رجیم تبدیلی کی کوششیں ناکام ہو چکی ہیں۔
خطے کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات کشیدہ ہیں اور اس کا اثر پورے خطے پر پڑ رہا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ دونوں ممالک کو جنگ کے بجائے سفارتکاری کو فروغ دینا چاہیے۔
انہوں نے بھارت، اسرائیل اور امریکہ کو خطے میں عدم استحکام کا باعث قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی امن کی کوششیں قابل تحسین ہیں اور انہیں مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔







