ایران پر حملہ اسلامی ممالک پر حملہ ہے، جنگ بندی میں پاکستان کا کردار تاریخی ہے: طاہر اشرفی
شیعیت نیوز : پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان کا ایران، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے لیے ثالثی کا کردار تاریخی اہمیت کا حامل ہے، جبکہ ایران پر حملہ دراصل اسلامی ممالک پر حملہ ہے۔
لاہور میں ادارہ منہاج الحسینؑ جوہر ٹاؤن میں ’’استحکام پاکستان کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران پر حملے کے بعد امت مسلمہ غم کی کیفیت میں ہے اور معصوم جانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جس پر عالمی سطح کی خاموشی تشویشناک ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایرانی میزائل حملہ، الخرج ایئربیس پر امریکی AWACS طیارے تباہ
حافظ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ مسلم دنیا کو جذبات کی بجائے دانشمندی سے فیصلے کرنے ہوں گے، جبکہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ سمیت دیگر اسلامی ممالک جنگ کے پُرامن حل کے لیے کوشاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دشمن قوتیں عرب اور ایران کو آمنے سامنے لانا چاہتی ہیں، اس لیے اتحاد اور بصیرت وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ داخلی استحکام کے بغیر بیرونی خطرات کا مؤثر مقابلہ ممکن نہیں۔
کانفرنس کے موقع پر ادارہ منہاج الحسین کے پلیٹ فارم سے مختلف مسالک کے علماء کرام نے دشمنوں کی سازشوں کا مقابلہ کرنے اور اتحاد برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔







