رہبر مسلمین کا خطاب: دشمن کے خلاف فتوحات پر قوم کو مبارکباد، میڈیا وار سے خبردار
شیعیت نیوز : رہبر مسلمین جہاں امام سید مجتبیٰ خامنہ ای حفظہ اللہ نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ وہ اپنی قوم کے تمام افراد کو دشمنوں کے خلاف حاصل ہونے والی فتوحات پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم نے گزشتہ برس "صیہونی ریاست” اور امریکہ کے خلاف تین فوجی اور سیکیورٹی محاذوں پر جنگ لڑی ہے۔ ایرانی عوام نے ایک وسیع دفاعی لائن قائم کی اور دشمن کو بھرپور ضرب لگائی، جبکہ ایران کی فرنٹ لائن دشمن کے گمان سے کہیں زیادہ مضبوط ثابت ہوئی۔
رہبر مسلمین کے مطابق دشمن کا خیال تھا کہ وہ ایک یا دو دن میں اسلامی نظام کا تختہ الٹ دیں گے، تاہم یہ ان کی خام خیالی ثابت ہوئی۔ انہوں نے دلیر صدر اور ان حکام کا شکریہ ادا کیا جو عوام کے درمیان موجود رہے، جس سے قومی اتحاد و یگانگت کو تقویت ملی۔
یہ بھی پڑھیں : پاسداران انقلاب نے وسطی ایران میں امریکی F-35 لڑاکا طیارہ نشانہ بنایا
انہوں نے ایرانی عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی دن رات کی شعوری موجودگی اور باہمی اتحاد مزید مستحکم ہوگا، تاہم قوم کو دشمن کی بدنیتی پر مبنی میڈیا مہمات سے ہوشیار رہنا چاہیے کیونکہ قومی وحدت کو نقصان پہنچانے کے لیے میڈیا آپریشنز دشمن کے اہم ترین ہتھیاروں میں سے ایک ہیں۔
انہوں نے ترکیہ اور عمان میں ہونے والے حملوں سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کسی صورت ایرانی افواج یا مزاحمتی محاذ کی کارروائیاں نہیں بلکہ صیہونی دشمن کی ایک چال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل "فالس فلیگ” ہتھکنڈوں کے ذریعے اسلامی جمہوریہ اور اس کے پڑوسیوں کے درمیان تفرقہ پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور اس نوعیت کے آپریشنز دیگر ممالک میں بھی دہرائے گئے ہیں۔
رہبر مسلمین نے کہا کہ ایران اپنے مشرقی پڑوسیوں کو اپنے قریب ترین سمجھتا ہے اور ان کے درمیان کئی مشترکات موجود ہیں۔ انہوں نے پاکستان کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے شہید قائد کی خاص توجہ کا مرکز رہا ہے۔
انہوں نے پاکستان اور افغانستان کے لیے اپنے پیغام میں کہا کہ دونوں ممالک اپنے تعلقات کی بہتری پر کام کریں، اور وہ اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہیں۔







