اسرائیل کا دہشت گرد ٹیم نیٹ ورک جنوب مشرقی ایران میں تباہ 13 دہشت گرد گرفتار
شیعیت نیوز: صوبہ سیستان و بلوچستان میں سیکیورٹی اداروں نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل سے وابستہ دہشت گرد نیٹ ورک کو تباہ کر دیا اور 13 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے جنوب مشرقی علاقے میں بچوں کے قتل میں ملوث صہیونی دشمن سے وابستہ عناصر کے خلاف وسیع انٹیلی جنس اور آپریشنل اقدامات کیے گئے، جس کے نتیجے میں زاہدان سمیت سرحدی علاقوں میں سرگرم ایک جاسوسی نیٹ ورک کو بے نقاب کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق گرفتار دہشت گرد کرائے کے علیحدگی پسند اور تکفیری گروہوں سے تعلق رکھتے تھے اور صیہونی حکومت کی براہ راست مدد اور رہنمائی میں کام کر رہے تھے۔ کارروائی صوبہ سیستان و بلوچستان کے جنرل انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ، آئی آر جی سی کی زمینی افواج کے قدس ہیڈ کوارٹر اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی مشترکہ کاوشوں سے انجام دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: ایرانی وزیر خارجہ عراقچی کا میکرون کے مؤقف پر ردعمل
گرفتار عناصر فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نقل و حرکت، مقامات اور دفاعی تنصیبات سے متعلق حساس معلومات اکٹھی کر رہے تھے، جبکہ وہ دہشت گردانہ کارروائیوں کی منصوبہ بندی میں بھی ملوث تھے۔
کارروائی کے دوران چابہار، ایرانشہر اور زاہدان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے اسلحہ، گولہ بارود، 5 اسٹار لنک ڈیوائسز اور جدید جاسوسی آلات برآمد کیے گئے۔
اسی آپریشن میں نعمت اللہ شاہ بخش نامی ایک مطلوب دہشت گرد، جو "جموک” کے نام سے جانا جاتا تھا، مارا گیا۔
مزید برآں، زاہدان کے نواحی پہاڑی علاقوں میں ایک اور چار رکنی دہشت گرد ٹیم کے ٹھکانے کی نشاندہی کر کے انہیں مشترکہ کارروائی میں گرفتار کر لیا گیا۔







