اسلام آباد میں یومِ القدس ریلی، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا فلسطین کی حمایت میں مؤثر خطاب

15 مارچ, 2026 12:08

شیعیت نیوز: قائدِ حزبِ اختلاف سینیٹ اور چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اسلام آباد میں عالمی یوم القدس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یومِ القدس دراصل مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی، ظلم و جبر کے خلاف نفرت اور امتِ مسلمہ کی بیداری کا دن ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ قبلۂ اول مسجد اقصیٰ کی آزادی صرف فلسطینیوں کا مسئلہ نہیں بلکہ پوری امتِ مسلمہ کی ذمہ داری ہے۔ دنیا بھر کے مسلمان اس دن اس عزم کی تجدید کرتے ہیں کہ وہ فلسطینی عوام کی جدوجہدِ آزادی میں ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور ظالم قوتوں کے سامنے حق و انصاف کی آواز بلند کرتے رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : لائیو انٹرویو کے دوران امریکی وزیرِ خزانہ کو اچانک طلب، صدر ٹرمپ کی فوری کال

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ رہبرِ انقلاب اسلامی آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے ہمیشہ فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت کو امتِ مسلمہ کی مشترکہ ذمہ داری قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق فلسطین کا مسئلہ صرف ایک خطے کا تنازع نہیں بلکہ انسانیت، انصاف اور عالمی ضمیر کا امتحان ہے۔ اسی لیے مسلمانوں کو یہ پیغام دیا گیا ہے کہ وہ فلسطینیوں کی سیاسی، اخلاقی اور عملی حمایت جاری رکھیں اور قبلۂ اول کی آزادی کے لیے متحد ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر عملی طور پر مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہونے کی بات کی جائے تو ایران کو اس حوالے سے نمایاں سمجھا جاتا ہے جو کھل کر فلسطینی عوام کی حمایت کرتا رہا ہے۔ دوسری طرف جو قوتیں ڈونلڈ جے ٹرمپ یا بنیامین نیتن یاہو کی پالیسیوں کی تائید کرتی ہیں، وہ درحقیقت فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو تقویت دیتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یومِ القدس ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ ظلم کے خلاف خاموشی بھی جرم ہے۔ لہٰذا امتِ مسلمہ کو چاہیے کہ وہ اپنے اختلافات سے بالاتر ہو کر فلسطین کے مسئلے پر متحد ہو جائے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ دن دور نہیں جب مظلوموں کی دعائیں رنگ لائیں گی، قبلۂ اول آزاد ہوگا اور ظالم قوتوں کے غرور کا خاتمہ ہوگا۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ حق کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا اور فلسطینی عوام کی جدوجہد بالآخر کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔

4:50 شام مارچ 15, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔