ملتان میں یومِ شہادت حضرت علیؑ کے موقع پر پہلا مرکزی ماتمی جلوس برآمد

10 مارچ, 2026 18:52

شیعیت نیوز : ایامِ شہادت حضرت امیرالمومنین امام علی ابن ابی طالبؑ کے موقع پر امام بارگاہ و مسجد ابوذر غفاری نیو سنٹرل جیل موڑ ملتان سے سالانہ مجلسِ عزا کے بعد ملتان کا پہلا مرکزی ماتمی جلوس برآمد ہوا جس کی قیادت انجینئر مہر سخاوت علی سیال (منتظم مجلسِ عزا و جلوس) نے کی۔ جلوس میں ممبر صوبائی اتحادِ بین المسلمین کمیٹی خاور شفقت بھٹہ، سید محب حسین نقوی، سید طالب حسین پرواز، الطاف حسین خان، مہر محمد اکرم، مہر غلام حسین، مہر ریاض حسین، ملک صغیر حسین، شہوار حسین، اسماعیل شاہ اور ملتان کے مختلف مکاتبِ فکر کے علمائے کرام، سماجی و سیاسی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

عزاداروں نے نوحہ خوانی اور سینہ زنی کرتے ہوئے حضرت امیرالمومنینؑ کی عظیم قربانی، عدل و انصاف اور حق و صداقت کے پیغام کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ جلوس کے شرکا نے حضرت علیؑ کی سیرتِ طیبہ کو مظلوموں کی حمایت اور ظلم کے خلاف استقامت کی علامت قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں : یومِ شہادت حضرت علیؑ: لاہور میں مرکزی جلوس کے لیے چار درجاتی سکیورٹی پلان تیار

جلوس سے مرکزی خطاب علامہ علی حسین مدنی (اسلام آباد) نے کیا جبکہ نوحہ خوانی سید مجاہد حسین شاہ ناشاد (سندھ) نے کی۔ مقررین نے اپنے خطابات میں حضرت علیؑ کی عدل و انصاف پر مبنی حکمرانی، شجاعت اور انسانیت کے لیے ان کی لازوال خدمات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ حضرت علیؑ کی تعلیمات پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

اس موقع پر منتظم جلوس انجینئر مہر سخاوت علی سیال نے کہا کہ حضرت علیؑ کی سیرت ہمیں حق، عدل، اتحاد اور بھائی چارے کا درس دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں معاشرے میں امن، رواداری اور اتحاد کے فروغ کے لیے سیرتِ علیؑ سے رہنمائی حاصل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

8:06 شام مارچ 10, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top