آیت اللہ سید کاظم حسینی حائری کا تعزیتی پیغام؛ شہید رہبر انقلاب کا خون امت کو مزید متحد اور پرعزم کرے گا
شیعیت نیوز : آیت اللہ سید کاظم حسینی حائری کے دفتر کی جانب سے مرجع عالی قدر اور رہبر امت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی شہادت پر جاری تعزیتی پیغام کا متن حسب ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم اِنّا لِلّٰه وَ اِنّا اِلَیْه رَاجِعُون مِنَ المُؤمِنینَ رِجالٌ صَدَقوا ما عاهَدُوا اللَّهَ عَلَیهِ فَمِنهُم مَن قَضیٰ نَحبَهُ وَمِنهُم مَن یَنتَظِرُ وَما بَدَّلوا تَبدیلًا ﴿احزاب:۲۳﴾
ہم انتہائی گہرے دکھ اور رنج کے ساتھ مرجع عالی قدر اور امت اسلامی کے دانا رہبر، حضرت حجتؑ کے حقیقی نائب آیت اللہ العظمیٰ امام سید علی خامنہ ای کی شہادت پر تعزیت پیش کرتے ہیں۔ ہم یہ تعزیت حضرت بقیۃ اللہ الاعظم (عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف)، حوزہ ہائے علمیہ، ان کے معزز فرزندوں، صابر اور وفادار ایرانی قوم اور دنیا بھر کے تمام مومنین، آزادگان اور حق کے متلاشی افراد کی خدمت میں پیش کرتے ہیں۔
بلاشبہ اس عظیم شہید اور دیگر عزیز شہداء کا پاک اور مقدس خون، جنہیں امریکی اور صہیونی استکباری طاقتوں کے مجرم ہاتھوں نے شہادت تک پہنچایا، انقلاب اسلامی کے شجرۂ طیبہ کو مزید سیراب کرے گا اور اس کی جڑوں کو پہلے سے زیادہ مضبوط اور اس کے وجود کو زیادہ مستحکم بنا دے گا۔
یہ بھی پڑھیں : بصرہ میں امریکی تیل کی بڑی کمپنی ہیلی برٹن کمپاؤنڈ ایرانی ڈرون حملے سے مکمل طور پر تباہ
یہ خون اہل ایمان کو اس روشن راستے پر چلنے کے لیے پہلے سے زیادہ پُرعزم کرے گا، یہاں تک کہ حق کا پرچم امام عصر حضرت امام مہدی (عجل) کے سپرد کیا جائے۔
یقیناً بیدار، باشعور اور انقلابی ایرانی قوم اتحاد و وحدت کو برقرار رکھتے ہوئے میدان میں شعوری شرکت اور اسلام کے جانثار محافظوں کی حمایت کے ذریعے اس حساس مرحلے سے سربلندی اور کامیابی کے ساتھ گزر جائے گی۔
وما النصر الا من عند الله العزیز الحکیم
۱۴ رمضان ۱۴۴۷ھ دفتر آیت اللہ العظمیٰ سید کاظم حسینی حائری







