مسجد اقصٰی کی بندش کے خلاف ڈٹ جانے پر شیخ عکرمہ صبری کی رہائی اور پرانے شہر سے بے دخلی کا حکم

اسرائیلی حکام نے مسجد اقصٰی کے خطیب شیخ عکرمہ صبری کو مقبوضہ بیت المقدس کے بدنام زمانہ المسکوبیہ عقوبت خانے میں تفتیش کے لیے طلب کرنے کے بعد رہا کر دیا

07 مارچ, 2026 12:25

شیعیت نیوز: اسرائیلی حکام نے مسجد اقصٰی کے خطیب شیخ عکرمہ صبری کو مقبوضہ بیت المقدس کے بدنام زمانہ المسکوبیہ عقوبت خانے میں تفتیش کے لیے طلب کرنے کے بعد رہا کر دیا، حالانکہ ان کی طبیعت ناساز ہے اور وہ فلسطین میں ایک بلند پایہ مذہبی مقام اور اسلامی مرجعیت کی حیثیت رکھتے ہیں۔

رہائی کے بعد شیخ عکرمہ صبری نے مسجد اقصٰی کو بند کرنے کے صہیونی فیصلے کو قطعی طور پر مسترد کرتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ مسجد میں نماز کی ادائیگی کو روکنا یا اسے بند کرنا مذہبی نقطہ نظر سے کسی صورت جائز نہیں ہے۔

ان کے وکلانے وضاحت کی ہے کہ تفتیش کے اختتام پر انہیں القدس کے پرانے شہرسے بے دخل کرنے کا ظالمانہ فیصلہ سنایا گیا، وکلاء کے مطابق تفتیش کا محور قابض اسرائیل کی جانب سے ان پر عائد کردہ امن عامہ میں خلل ڈالنے کا وہ مضحکہ خیز الزام تھا جو مسجد اقصٰی کو کھولنے اور وہاں دوبارہ نماز کی ادائیگی کے مطالبے کی پاداش میں لگایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ملتان میں ملت جعفریہ کا بڑا احتجاجی جلسہ: رہبر انقلاب کی شہادت اور ایران پر حملوں کی شدید مذمت، امریکہ اسرائیل کے خلاف نعرے

وکلاء نے مزید بتایا کہ شیخ عکرمہ صبری کو مسلسل سفاکانہ پابندیوں کا سامنا ہے، جس میں ایک سال سے زائد عرصے سے ان کا مسجد اقصٰی میں داخلہ بند ہے جبکہ انہیں عوامی سطح پر قتل اور جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی جا رہی ہیں۔

شیخ عکرمہ صبری نے اپنے بیانات میں مسجد اقصٰی کے خلاف رچی جانے والی گہری سازشوں سے خبردار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ مسجد کی حرمت کا تحفظ اور مسلمانوں کے نماز ادا کرنے کے حق کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

اسی تناظر میں سپریم اسلامک کونسل نے قابض فوج کی جانب سے شیخ عکرمہ صبری سے تفتیش کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈے ان کی بلند علمی و دینی منزلت کو کم نہیں کر سکتے۔

کونسل نے واضح کیا کہ شیخ عکرمہ صبری عالم اسلام کی ایک عظیم علامت ہیں اور ان کے خلاف یہ کارروائی پوری امت مسلمہ کے علماء اور مذہبی شخصیات پر حملہ ہے۔

اسلامی ممالک کی حکومتوں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ان کی حمایت میں آواز بلند کریں اور ان کے خلاف ہونے والی زیادتیوں کو رکوانے کے لیے کردار ادا کریں، کونسل نے ان کی سلامتی اور صحت کو لاحق کسی بھی خطرے کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے بنجمن نیتن یاھو کی حکومت کو اس کا مکمل ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔

دوسری جانب دفاعی ٹیم نے شیخ عکرمہ صبری کے خلاف صہیونی اشتعال انگیزی کے خطرناک نتائج پر متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک مذہبی اور علامتی شخصیت ہیں جو کسی بھی قسم کی دھمکی یا دباؤ کے سامنے سر تسلیم خم نہیں کریں گے۔

2:03 شام مارچ 7, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top