ایران کی جانب سے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف عالمی سطح پر قانونی شکایات درج

26 جنوری, 2026 10:35

شیعیت نیوز: ایران نے اعلان کیا ہے کہ اس نے امریکہ، صہیونی حکومت (اسرائیل) اور متعدد دہشت گرد گروہوں کے خلاف بین الاقوامی فورمز میں قانونی اور فوجداری شکایات درج کرائی ہیں۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ یہ فریقین ایران کی قومی سلامتی کے خلاف تخریبی سرگرمیوں کی حمایت اور مالی معاونت میں ملوث رہے ہیں۔

ایرانی حکام کے مطابق یہ عناصر ایران میں عدم استحکام پیدا کرنے، تخریب کاری اور سیکیورٹی کو نقصان پہنچانے والی کارروائیوں میں براہ راست شامل تھے۔ یہ بدامنی 8 جنوری کو اس وقت شروع ہوئی جب ایرانی بازاروں اور منڈیوں میں تاجروں نے ریال کی قدر میں مسلسل کمی کے خلاف پُرامن احتجاج کیا اور حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔ تاہم بعد میں یہ احتجاج غیر ملکی مداخلت کے باعث پرتشدد فسادات میں تبدیل ہو گیا جو کئی دنوں تک جاری رہا۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ان پرتشدد واقعات کو امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے کھلی حمایت حاصل تھی۔ ان فسادات کے نتیجے میں سرکاری اور نجی املاک کو شدید نقصان پہنچا، دکانیں، سرکاری ادارے اور عوامی سہولیات تباہ ہوئیں، جبکہ خواتین، بچوں اور سیکیورٹی اہلکاروں سمیت ہزاروں شہری جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

یہ بھی پڑھیں: گزشتہ شب اسرائیل کا لبنان پر حملہ: شیخ نعیم قاسم کو قتل کرنے کا ہدف ناکام

ایرانی حکام نے تصدیق کی ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کی خفیہ ایجنسیاں ان واقعات میں براہ راست ملوث تھیں، جنہوں نے فسادیوں اور مسلح دہشت گردوں کو مالی وسائل، تربیت اور میڈیا سپورٹ فراہم کی۔

ایران کے چیف جسٹس غلام حسین محسنی اژہ ای نے بھی کہا ہے کہ حالیہ پرتشدد فسادات کے پیچھے امریکہ اور اسرائیل مرکزی کردار ادا کر رہے تھے۔ ان کے مطابق یہ کردار صرف بالواسطہ نہیں بلکہ کھلا اور براہ راست تھا۔

فسادات میں ملوث افراد کے خلاف عدالتی کارروائی کے جائزے کے لیے منعقدہ اجلاس میں محسنی اژہ ای نے کہا کہ حالیہ بدامنی کے دوران “جرائم پیشہ امریکہ” اور “صہیونی حکومت” نے دہشت گردوں اور فسادیوں کو مالی، عسکری اور تربیتی مدد فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ ان واقعات کو 12 روزہ جنگ کا ایک نیا مرحلہ بھی قرار دیا جا سکتا ہے۔

چیف جسٹس نے مزید کہا کہ سڑکوں اور عوامی مقامات پر حملے کرنے والے، عام شہریوں اور سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے والے افراد مجرم ہیں اور وہ امریکہ اور اسرائیل کی سازشوں کو ایران کے اندر عملی جامہ پہنانا چاہتے تھے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں کے قتل میں ملوث افراد کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔

محسنی اژہ ای نے زور دیا کہ فسادات میں کسی بھی سطح پر شامل افراد—چاہے وہ منصوبہ ساز ہوں، اکسانے والے ہوں یا براہ راست کارروائی کرنے والے—ان سب کو قانونی سزا کے ساتھ ساتھ سرکاری اور نجی املاک کو پہنچنے والے نقصان کا ازالہ بھی کرنا ہوگا۔

6:31 صبح مارچ 7, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top