حضرت محمدؐ کے فرمان کے مطابق، قرآن اور اہل بیت سے تمسک کامیابی ہے: آیت اللہ سید حافظ ریاض نجفی
شیعیت نیوز : وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے کہا ہے کہ قرآن مجید میں ہر سوال کا جواب ہے، اصل دین قرآن مجید ہی میں ہے۔ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنی وفات سے چھ مہینے پہلے فرما دیا تھا کہ میں تمہارے درمیان دو گرانقدر چیزیں چھوڑے جا رہا ہوں: ایک قرآن اور دوسری میری عترت اہل بیت، جو بھی ان دونوں سے متمسک رہے گا، کامیابی اس کا مقدر ہے۔
جامع مسجد علی حوزہ علمیہ جامعہ المنتظر ماڈل ٹاؤن میں خطبۂ جمعہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فضیلت کا معیار صرف تقویٰ ہے، انسان کی کامیابی کے لیے تقوائے الٰہی کا دامن تھامے رکھنا لازم ہے۔
انہوں نے کہا کہ قرآن مجید خود کہتا ہے کہ میرا دامن تھام لو، مجھ میں شفا اور ترقی کی راہیں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : سعودی جنگی طیاروں کا یمن میں اماراتی حمایت یافتہ فورسز پر فضائی حملہ، حضرموت میں تناؤ عروج پر
ان کا کہنا تھا کہ اگر قرآن مجید سے مجھے کسی مسئلے کا حل نہیں ملتا تو اس میں میرا قصور ہے، کیونکہ میری سطح اس سے کم ہے کہ میں قرآن کو سمجھ سکوں، حالانکہ قرآن مجید کا یہ دعویٰ صادق ہے کہ مجھ میں ہر مسئلے کا حل موجود ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ابتدائے زندگی سے لے کر وفات تک سردار الانبیاء کی پوری زندگی اور سیرتِ طیبہ ہمارے سامنے ہے، جس میں انسانوں کی بھلائی اور رہنمائی موجود ہے۔







