اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان نے حکومت کی مذاکرات کی مشروط پیشکش قبول کرلی

25 دسمبر, 2025 13:47

شیعیت نیوز: اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان نے حکومت کی مذاکرات کی پیشکش قبول کرلی۔ محمود خان اچکزئی کی زیرصدارت تحریک تحفظ آئین پاکستان کا اجلاس ہوا، جس میں سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس، رہنماء بی این پی مینگل ساجد ترین، پی ٹی آئی رہنماء اسد قیصر کے علاوہ مصطفیٰ نواز کھوکھر اور ترجمان اپوزیشن اتحاد اخونزادہ حسین یوسفزئی شریک ہوئے۔

اجلاس کے بعد جاری بیان میں کہا گیا کہ پارلیمان، قانون کی بالادستی اور انسانی حقوق کی پاسداری پر مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔ آئینی اور جمہوری اقدار کی مضبوطی کے لیے مذاکرات پر تیار ہیں۔ اپوزیشن اتحاد کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتیں آئین کی بحالی، پارلیمانی اور سویلین بالادستی کے لیے اتفاق کریں تو تیار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : امام جمعہ کوئٹہ علامہ حسنین وجدانی 8 ماہ کی غیر قانونی سعودی قید سے آزاد ، کراچی پہنچ گئے

ترجمان اپوزیشن اتحاد نے بتایا کہ اپوزیشن شفاف انتخابات اور متفقہ الیکشن کمشنر کے تقرر کے لیے مذاکرات پر تیار ہے۔ سیاسی اور معاشی بحران، امن و امان اور گورننس کے فقدان سے نکالنے کے لیے میثاق اہم ہے، مایوسی کے خاتمے کے لیے نئے میثاق کی اشد ضرورت ہے، نئے میثاق پر بانی پی ٹی آئی کے دستخط کی ذمہ داری محمود اچکزئی اٹھاتے ہیں۔

اس حوالے سے مصطفیٰ نواز کھوکھر نے بتایا کہ وہ آئین اور نئے میثاق پر حکومت سے بات چیت کے لیے تیار ہیں۔ مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا تھا کہ ہم ڈائیلاگ کے لیے تیار ہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ مذاکرات کا دروازہ بند نہیں ہونا چاہیئے، وزیراعظم کی گفتگو اور بیان کو ہم نے سنجیدگی سے لیا ہے، پی ٹی آئی سمیت تمام اتحادی جماعتوں کو مشاورت میں شامل کیا ہے۔

6:54 صبح مارچ 7, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top